حکومت کی جانب سے سروس سٹرکچر پر عملدرآمد نہ ہونے پر ینگ ڈاکٹرز ایک بار پھر متحرک

منگل 27 جنوری 2015 08:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جنوری۔2015ء)صوبائی دارالحکومت میں حکومت کی جانب سے سروس سٹرکچر پر عملدرآمد نہ ہونے پر ینگ ڈاکٹرز ایک بار پھر متحرک ہو گئے، گزشتہ روز ینگ ڈاکٹرز نے میوہسپتال سے نیلا گنبد تک احتجاجی ریلی نکالی، اس موقع پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی عہدیداروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ینگ ڈاکٹرز کے جائز مطالبات فی الفور تسلیم کرتے ہوئے سروس سٹرکچر پر عملدرآمد کروائے، انہوں نے کہا کہ حکومت جب بھی ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے اٹھنے والی تحریک میں تیزی دیکھتی ہے فوراً مطالبات تسلیم کرنے پر آمادگی ظاہر کرتی ہے، مگر یہ سب کچھ زبانی جمع خرچ سے آگے نہیں بڑھتا، انہوں نے کہا کہ حکومت ہمارے صبر کو نہ آزمائے اور ہمارے جائز مطالبات فی الفور منظور کرے وگرنہ احتجاج شدت اختیار کرجائے گا جو کسی کے لئے بھی نفع بخش نہ ہو گا، میوہسپتال سے شروع ہونے والی ینگ ڈاکٹرز کی ریلی نیلا گنبد پر اختتام پذیر ہوئی۔