حکمرا ن جما عت کی مرکزی و صوبائی قیادت مجھے ہر اہم مشورہ کرنے کے علا وہ اعلی سطحی اجلاس میں بھی مدعو کرتی ہے، رانا ثناء اللہ کا انکشا ف،کچھ لوگ پارٹی کے ایم این اے‘ ایم پی اے ہوتے ہوئے بھی کوئی حیثیت حاصل نہیں کرپاتے اور اگر وزیر بھی بن جائیں تو اپنی بات نہیں منواسکتے لیکن رانا ثناء اللہ اپنی بات منوانا جانتا ہے،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد نے میری رکنیت ختم کرکے میرا نہیں بلکہ اپنا نقصان کیا ہے اور وہ کروڑوں روپے کے حکومتی فنڈ سے محروم ہوگئے،عشائیہ سے خطاب

منگل 27 جنوری 2015 08:07

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جنوری۔2015ء) سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے انکشا ف کیا ہے کہ صوبائی وزیر قانون نہ ہونے کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی مرکزی و صوبائی قیادت ان سے ہر اہم مشورہ کرنے کیساتھ ساتھ اعلی سطحی اجلاس میں بھی مدعو کرتی ہے اور میرے رائے پر عمل بھی کیا جاتا ہے۔ یہ بات انہو ں نے فیصل آباد کے صحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت سمجھتی ہے کہ رانا ثناء اللہ کی پارٹی کیلئے بے پناہ خدمات ہیں جبکہ بعض وزراء حکومت میں ایسے بھی ہیں جن کے احکامات پر کئی کئی ماہ تک ان کا ماتحت عملہ عملدرآمد نہیں کرتا اور نہ ہی عوام ایسے وزراء اور ان کے محکموں سے واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ جسے چاہے عزت دے یہ اس کی دین ہے۔

(جاری ہے)

کچھ لوگ پارٹی کے ایم این اے‘ ایم پی اے ہوتے ہوئے بھی کوئی حیثیت حاصل نہیں کرپاتے اور اگر وزیر بھی بن جائیں تو اپنی بات نہیں منواسکتے لیکن رانا ثناء اللہ اپنی بات منوانا جانتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد نے میری رکنیت ختم کرکے میرا نہیں بلکہ اپنا نقصان کیا ہے اور وہ کروڑوں روپے کے حکومتی فنڈ سے محروم ہوگئے جبکہ میں نے مختلف بار ایسوسی ایشنوں اور لاہور بار ایسوسی ایشن کو بھی وزیراعلی کی طرف سے ایک کروڑ روپے کے فنڈ لے کر دئیے ہیں لیکن فیصل آباد بار ایسوسی ایشن میری رکنیت ختم کرنے کی وجہ سے اس فنڈ سے محروم ہوگئی ہے۔

انہوں نے فیصل آباد کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا یہ تیسرا بڑا شہر ہے مگر اس شہر کی تعمیرو ترقی اور دیگر سہولیات جو میسر ہونی چاہئے تھیں وہ حاصل نہیں ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ایکسپریس وے 6 ارب روپے سے تعمیر ہورہا ہے۔ ہماری حکومت اسے جلداز جلد مکمل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ میں فیصل آباد کیلئے کچھ کرجاؤں۔

میڈیا اور وکلاء کیلئے کچھ کرنا چاہتا تھا مگر دونوں اداروں کی کارکردگی سے مایوس ہوں۔ یہ دونوں ادارے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں تاکہ قانونی اور دیگر مراعات کے علاوہ فیصل آباد پریس کلب کیلئے بھی خصوصی گرانٹ جاری کرائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف بہت جلد فیصل آباد میں ایک اور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان کریں گے۔ اس سلسلے میں موٹروے کے قریب اراضی حاصل کرلی گئی ہے اور مزید کئی میگا پراجیکٹس پر بھی کام شروع کیا جارہا ہے۔ تقریب میں سینئر صحافیوں اور پریس کلب کے عہدیداران جن میں شاہد علی‘ جی اے تنویر‘ مقبول احمد لودھی اور فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر رانا حبیب الرحمن نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔