کراچی آپریشن کسی ایک سیاسی جماعت کے خلاف نہیں ہے،غلام قادر تھیبو،ایم کیو ایم سمیت ہر سیاسی جماعت میں جرائم پیشہ عناصر موجود ہیں ،جرائم پیشہ سیاسی جماعت میں ہو یا پولیس میں سب کے خلاف یکساں کارروائی ہوگی،ایڈیشنل آئی جی کراچی

بدھ 28 جنوری 2015 08:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28جنوری۔2015ء)ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کسی ایک سیاسی جماعت کے خلاف نہیں ہے،متحدہ قومی موومنٹ سمیت ہر سیاسی جماعت میں جرائم پیشہ عناصر موجود ہیں ،جرائم پیشہ سیاسی جماعت میں ہو یا پولیس میں سب کے خلاف یکساں کاروائی ہوگی ۔وہ منگل کو کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔

ایک سوال کے جواب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کہا کہ کراچی پولیس چیف نے کہا کہ سی پی ایل سی چیف کے گھر چھاپے کی خبر نہیں ہے اور نہ ہی پولیس نے کوئی چھاپہ مارا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کسی سیاسی جماعت کے نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کیخلاف ہے۔ کریمنل پولیس میں ہوں یا سیاسی جماعتوں میں انھیں نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس پر مختلف الزامات لگتے رہتے ہیں۔

کسی پارٹی کا نام لئے بغیر گروپس کا ذکر کیا تھا کیونکہ ہر پارٹی میں اچھے بْرے لوگ ہوتے ہیں۔ کوئی ایسی جماعت نہیں ہے جس میں جرائم پیشہ افراد نہ ہوں۔ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ لوگ اپنے جرم چھپانے کے لئے سیاسی جماعتوں کا سہارا لیتے ہیں اور سیاسی پشت پناہی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ متحدہ قومی موومنٹ میں بھی جرائم پیشہ افراد ہیں۔