وزیراعظم کی خواجہ محمد آصف کو صرف وزارت پانی وبجلی پر توجہ دینے کی ہدایت،وزارت دفاع کے معاملات عملی طور پر جنرل عبدالقادر بلوچ کے حوالے کر دیئے گئے،عابد شیر علی کو بھی وفاقی وزیر بنانے کا اصولی فیصلہ،بعض وزراء کی چھٹی کا امکان

جمعرات 29 جنوری 2015 09:02

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جنوری۔2015ء)وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف کو دفاع کی بجائے صرف وزارت پانی وبجلی پر توجہ دینے کی ہدایت کردی ہے او روزارت دفاع کے معاملات عملی طور پر جنرل عبدالقادر بلوچ کے حوالے کر دیئے گئے ہیں جبکہ عابد شیر علی کو بھی وفاقی وزیر بنانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے تاہم امکان ہے کہ انہیں پانی و بجلی کی وزارت نہیں دی جائے گی۔

خبر رساں ادارے کو مسلم لیگ(ن) کے اہم ذرائع نے بتایا کہ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر اور دہشتگردی کی روک تھام کیلئے جو اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اس سلسلہ میں وزارت دفاع کیلئے وفاقی وزیر جنرل(ر)عبدالقادر بلوچ کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جبکہ خواجہ آصف سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی توجہ وزارت پانی وبجلی پر مرکوز کریں،ملک میں بجلی کے حالیہ بحران لوڈشیڈنگ اور واپڈا کی نجکاری کیلئے اپنا لائحہ عمل تیار کرکے حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔

(جاری ہے)

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیرعلی کو وزیرمملکت سے وفاقی وزیر بنایا جارہا ہے اور انہیں پانی و بجلی کی بجائے کوئی اور محکمہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں بہت جلد وفاقی وزراء کے قلمدانوں میں بھی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ بعض وزراء کو ان کی ناقص کارکردگی کی بناء پر سبکدوش کردیا جائے گا