کراچی کے علاقے شاہ لطیف نواب ٹاوٴن میں مبینہ مقابلے میں 5دہشتگرد ہلاک

جمعرات 29 جنوری 2015 08:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جنوری۔2015ء)کراچی کے علاقے شاہ لطیف نواب ٹاوٴن میں مبینہ مقابلے میں 5دہشتگرد ہلاک ہوگئے ، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا اور انکے قبضے سے خود کش جیکٹس اسلحہ بارودی مواد اور رزاق آباد ٹریننگ سینٹر کے نقشے سمیت دیگر چیزیں برآمد ہوئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ لطیف کھوئی گوٹھ نواب ٹاون میں پولیس حکام کو اطلاع ملی کہ دہشت گرد موجود ہیں جو کہ دہشت گردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر کے حملے کی حکمت عملی بنا رہے ہیں۔

اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ملیر راو انوار کی نگرانی میں پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا اسی دوران ایک مکان سے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی گئی۔

(جاری ہے)

ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے کے بعد مکان کی تلاشی لی تو اندر 5لاشیں موجود تھیں پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر جناح اسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق مبینہ دہشت گردوں کے قبضے سے 2کلا شنکوف 3ٹی ٹی 2خودکش جیکٹ بارودی مواد کمانڈو وردیاں اور پولیس ٹریننگ سینٹر کا نقشہ برآمد ہو اہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہلاک دہشت گردوں کی عمریں 28سے 35برس کے درمیان ہیں اور ان کی شناخت نہیں کی جاسکی ہے۔پولیس نے دعوی کیا کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعد م تحریک طالبان سوات اور محسود گروپ سے تھا ،پولیس ذرائع کے مطابق 2دہشت گردوں کی غیر سرکاری شناخت حضرت علی اور گل محمد کے نام سے کی گئی ہے اور ہلاک دہشت گرد پولیو ٹیموں پر حملوں کے ساتھ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

تاہم سرکاری طور پر کسی دہشتگرد کی فوری طور پر شناخت عمل میں نہیں آسکی ہے۔لاشوں کو جناح اسپتال پہنچایا گیا اور بعد ازاں ایدھی سرد خانے منتقل کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :