حکومت پاکستان اور سعودی عرب میں معاہدئہ حج2015ء طے پاگیا، 20فیصد کٹ برقرار،پاکستانی درخواست قبول نہ ہوئی، امسال 1لاکھ 44 ہزار پاکستانی عازم حجاز ہونگے، آب زم زم لانے پر پابندی، ائرپورٹ پر ہر حاجی کو 5لیٹر زم زم دینے کی ذمہ داری حکومت پوری کرے گی، مشین ریڈایبل پاسپورٹ، وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئی، معاہدہ کے مندرجات، معاہدہ پر سردار محمد یوسف، سعودی وزیر حج بندر بن الحجر نے دستخط کئے ،وزیر مذہبی امور کادورئہ محکمہ مسسہ ساؤتھ ایشیا ، چیئرمین ڈاکٹر رفعت بن اسماعیل سے ملاقات،امید ہے 2014ء کی طرح 2015ء میں بھی بہترین حج انتظامات کئے جائینگے، سردار یوسف،خادم الحرمین الشریفین کی سربراہی میں اللہ کے مہمانوں کی مشکلات ختم کرینگے، چیئرمین مسسہ

جمعہ 30 جنوری 2015 09:14

مدینہ منورہ/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30جنوری۔2015ء)حکومت پاکستان اور سعودی عرب میں معاہدئہ حج2015ء طے پاگیا، توسیع حرم کے باعث 20فیصد کٹ برقرار، پاکستانی درخواست قبول نہ ہوئی، امسال 1لاکھ 44 ہزار پاکستانی عازم حجاز ہونگے، آب زم زم لانے پر پابندی، ائرپورٹ پر ہر حاجی کو 5لیٹر زم زم دینے کی ذمہ داری حکومت پوری کرے گی، مشین ریڈایبل پاسپورٹ، وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئی،وزیر مذہبی امور آج مدینہ منور ہ،2جنوری کو وطن واپس پہنچیں گے۔

باوثوق ذرائع نے ”خبر رساں ادارے “ کو بتایاکہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یو سف اور سعودی وزیر حج بندر بن الحجر کے درمیان حج 2015ء کا معاہدہ طے پاگیا۔ اس موقع پر سیکرٹری مذہبی امور سہیل عامر ، سعودی عرب میں پاکستانی سفیر ایچ ای منظور الحق سمیت دونوں ممالک کی وزارت حج کے اعلیٰ عہدیدار موجودتھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستان نے حرم کی توسیع کے باعث کوٹہ پر لگائے جانے والے کٹ کو ختم کرنے کی درخواست کی جس پر سعودی حکومت نے واضح کیا کہ تمام ممالک کے ساتھ یکساں سلوک ہوگا اس لئے یہ کٹ ختم نہیں کیا جاسکتا جس پر گزشتہ سال کی طرح امسال بھی پاکستان سے 1لاکھ 44 ہزار عازمین ہی سفر حجاز مقدس کرینگے جن میں پچاس فیصد سرکاری اور پچاس فیصد پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کے ذریعے فریضہ حج ادا کرینگے۔

معاہدہ کے مطابق حاجیوں کیلئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ لازمی قرار دیاگیا جبکہ وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن بھی لازم کرنا ہوگی جبکہ حاجی آب زم زم بھی ساتھ نہیں لاسکیں گے جبکہ ہر حاجی کو پانچ لیٹر آب زم زم ائرپورٹ پر حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کیا جائیگا۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ خواتین عازمین کے ساتھ محرم کا جانا لازمی ہوگا جبکہ گزشتہ سال حج کرنیوالے امیدواروں کو اس سال سرکاری طور پر حج پرجانے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

اس سلسلے میں جب ”خبر رساں ادارے “نے وزارت مذہبی امور سے استفسار کیا تو انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے پر بتایاکہ وفاقی وزیر مذہبی امورنے جمعرات کو مدینہ منورہ میں محکمہ مسسہ ساؤتھ ایشیا کے چیئرمین سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں حج انتظامات کے حوالے سے جائزہ لیاگیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہاکہ امید ہے گزشتہ سال کی طرح امسال بھی حاجیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائینگی جس پر چیئرمین مسسہ ڈاکٹر رفعت بن اسماعیل نے کہاکہ خادم الحرمین الشریفین کی سربراہی میں ا للہ کے مہمانوں کو نہ صرف سعودی عرب میں خوش آمدید کہیں گے بلکہ ہر ممکن سہولیات اور مشکلات کا ازالہ کرینگے۔

اس موقع پر وزارت مذہبی امور نے گزشتہ سال پیش آنیوالی مشکلات بارے سعودی حکام کو آگاہ کیا جس پر انہوں نے ہر ممکن تعاون یقین دلایا ۔وفاقی وزیر مذہبی امور 2فروری 2015ء کو وطن واپس آئینگے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف 7روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب گئے ہوئے ہیں جہاں انہوں نے اپنے دورے کے دوران معاہدہ حج 2015ء کیا جبکہ سعودی شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی رحلت پر شاہی خاندان سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :