پاک چین اقتصادی راہداری کا روٹ تبدیل ہوا تو پورا خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف احتجاج کرے گا اور حکومت کا جینا مشکل بنا دے گا،حاجی عدیل کا انتباہ،کالاباغ ڈیم کے بعد پاک چین کوریڈور کے روٹ میں تبدیلی ایک بڑا ایشو بن جائے گا ، چین نے سیکورٹی کو اہمیت دی، روٹ پر سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائیگا،چین ملتان سے سکھر شاہراہ پر سرمایہ کاری کرے گا،سیکرٹری منصوبہ بندی

جمعہ 30 جنوری 2015 09:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30جنوری۔2015ء)اے این پی کے سینیٹر حاجی عدیل نے خبردار کیا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا روٹ تبدیل ہوا تو پورا خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف احتجاج کرے گا اور حکومت کا جینا مشکل بنا دے گا،کالاباغ ڈیم کے بعد پاک چین کوریڈور کے روٹ میں تبدیلی ایک بڑا ایشو بن جائے گا اور حکومت کیلئے اس مسئلہ کو سنبھالنا مشکل ہوجائے گاجبکہ سیکرٹری منصوبہ بندی نے کہا ہے کہ چین نے سیکورٹی کو اہمیت دی ہے اور روٹ پر سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔

چین ملتان سے سکھر کے درمیان بننے والی شاہراہ پر سرمایہ کاری کرے گا۔قائمہ کمیٹی خارجہ امورکے اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ پنجاب کی اشرافیہ ہمارے حقوق پامال نہ کرے،ابتداء میں یہ روٹ خنجراب حویلیاں میانوالی ڈیرہ اسماعیل خان ژوب کوئٹہ اور گوادر تھا یہ روٹ چین نے بھی منظور کیا تھا جبکہ مولانا فضل الرحمان نے ہیلی کاپٹر پر اس روٹ کا جائزہ لیا تھا،اب پنجاب کی اشرافیہ نے یہ روٹ براستہ لاہور ملتان بنایا ہے جو خیبرپختونخوا کی عوام کو نامنظور ہے،اب اشرافیہ ہمیں کہہ رہی ہے کہ پہلے روٹ کیلئے فنڈز نہیں لیکن یہ افسوس کی بات ہے کہ جنگلہ بس اور دیگر منصوبوں کیلئے خزانہ کا منہ کھولا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

حاجی عدیل نے کہا کہ خیبرپختونخوا والا روٹ شارٹ ہے جبکہ لاہور والا روٹ لمبا ہے،حکومت نے جو نیا روٹ بنایا ہے تمام جماعتوں کو یہ روٹ پسند نہیں ہم اس کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے،سیکرٹری منصوبہ بندی نے گوادر کاشغر شاہراہ کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا کہ اس کی تعمیر سے علاقہ میں معاشی ترقی اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔گوادر سے کاشغر کے درمیان سڑک ریلوے لائن اور گیس پائپ لائنوں کی تعمیر کرنی ہے،اس کا روٹ حویلیاں سے اسلام آباد ڈی آئی خان میانوالی،ژوب ،کوئٹہ اور گوادر کا روٹ ہے اور اب یہ روٹ حسن ابدال سے لاہور ملتان بہاولپور اور گوادر تک کے روٹ بنے گا۔

حاجی عدیل نے کہا کہ اے این پی تبدیل کئے گئے روٹ کو تسلیم نہیں کریں گے،اگر روٹ تبدیل ہوا تو کالا باغ کی طرح یہ اہم مسئلہ بن جائے گا۔سیکرٹری منصوبہ بندی نے کہا ہے کہ چین نے سیکورٹی کو اہمیت دی ہے اور روٹ پر سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔چین ملتان سے سکھر کے درمیان بننے والی شاہراہ پر سرمایہ کاری کرے گا۔کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اس سلسلے میں احسن اقبال اجلاس میں وضاحت کریں