کراچی میں گزشتہ ادوار کی نسبت امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، سہر اوزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے سر ہے، نواز شریف ،متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی ساتھ مل کر چلیں گے تو شہر میں قتل وغارت کی وارداتیں کم ہوں گی، پیٹرول مصنوعات میں مزید کمی ہوگی‘ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ پر وزیراعلیٰ سندھ جوڈیشل کمیشن بنا دیا ہے جس کی رپورٹ چند ہفتوں میں آجائے گی‘ پاکستان فیصلہ کن جنگ لڑ رہا ہے، آئندہ چند روز میں دہشت گردوں کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل شروع ہوجائے گا‘ قومی ایکشن پلان میں تمام سیاسی جماعتوں کے دستخط موجود ہیں، قومی ایکشن پلان کے ذریعے ہی تمام دہشت گردوں کا قلع قمع کیا جائے گا، توانائی بحران پر اپنے دور حکومت میں قابو پالیں گے۔ کراچی اسٹاک ایکسچینج کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 31 جنوری 2015 04:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31جنوری۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں گزشتہ ادوار کی نسبت امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے،جس کا سہر اوزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے سر ہے کیونکہ وہ کراچی آپریشن کے کپتان ہیں، متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی ساتھ مل کر چلیں گے تو شہر میں قتل وغارت کی وارداتیں کم ہوں گی، پیٹرول مصنوعات میں مزید کمی ہوگی‘ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ پر وزیراعلیٰ سندھ جوڈیشل کمیشن بنا دیا ہے جس کی رپورٹ چند ہفتوں میں آجائے گی‘ پاکستان فیصلہ کن جنگ لڑ رہا ہے، آئندہ چند روز میں دہشت گردوں کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل شروع ہوجائے گا‘ قومی ایکشن پلان میں تمام سیاسی جماعتوں کے دستخط موجود ہیں، قومی ایکشن پلان کے ذریعے ہی تمام دہشت گردوں کا قلع قمع کیا جائے گا، توانائی بحران پر اپنے دور حکومت میں قابو پالیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی اسٹاک ایکسچینج کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر بابر غوری، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار‘ مسلم لیگ ن کے رہنما سلیم ضیاء اور اسٹاک ایکسچینج کے صدر منیر کمال و دیگر بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کراچی آنے کا مقصد متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی میں ہونے والے خدشات کو دور کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کراچی میں کراچی کی صورتحال پر گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار کے مقابلے میں کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعد امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور اس کا سہرا وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے سر ہے کیونکہ وہ کراچی آپریشن کے کپتان ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دنوں میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان کے قتل کا بھی نوٹس لیا گیا ہے اور متحدہ قومی موومنٹ کے تحفظات کو بھی دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ اس ضمن میں جلد معاملات کو حل کرلیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ قومی ایکشن پلان میں تمام سیاسی جماعتوں کے دستخط موجود ہیں اور اس کے مطابق ہی تمام دہشت گردوں کا قلع قمع کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنا ہے‘ ہمارے سامنے مسائل بہت گمبھیر ہیں‘ توانائی کا بحران ہے جس کا حل آسان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے پہلے اور نہ انتخابات کے بعد کبھی یہ کہا ہے کہ توانائی بحران حل کرلیں گے لیکن میں اتنا ضرور کہہ سکتا ہوں کہ موجودہ دور حکومت کے اختتام تک ہم بجلی کے بحران پر قابو پالیں گے اور ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہماری مدد کی تو اپنے دور حکومت کے اختتام تک بجلی اضافی پیدا کرنا شروع کردیں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ گیس کی سپلائی بہتر کرنے کیلئے گیس خرید رہے ہیں اور آئندہ دو سے تین ماہ میں پاور اسٹیشنز کو گیس فراہم کرنا شروع کردیں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت جلد ایل این جی اسٹیشنز بھی لگائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے‘ توانائی‘ معیشت اور انتہا پسندی کا سامنا ہے‘ تمام سیاسی جماعتوں سے اسمبلی میں مشاورت ہوگی اور اسی مشاورت کی بنا پر ہی ان بحرانوں پر قابو پایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سندھ میں متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی کے اتحاد کو سپورٹ کریں گے‘ ان دونوں جماعتوں کا اتحاد رہے گا تو شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی وارداتیں ختم ہوں گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ میں پاکستان پیپلز پارٹی او رمتحدہ قومی موومنٹ کی مدد کرنے کو تیار ہوں‘ ہم نے ایک دوسرے کے تحفظات اور خدشات کو دور کرنا ہے اور سب کو مل کر معاملات کو حل کرنا ہے‘ پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود عوام تک اثرات نہ پہنچنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں مزید کمی ہوگی‘ پیٹرول‘ ڈیزل‘ فرنس آئل کی قیمتوں میں کمی ہوگی تو اس کا فائدہ کاشت کاروں کو پہنچے گا‘ وزیراعلیٰ سندھ اپنے صوبے میں اور دیگر وزیر اعلیٰ اپنے اپنے صوبوں میں عوام تک پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے ثمرات پہنچانے میں سختی سے عمل کریں گے اور صوبائی حکومتیں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے فیصلے پر سختی سے عمل کرائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں گزشتہ دنوں پیٹرول کا بحران آیا تھا تاہم اس پر قابو پالیا گیا ہے تاہم اس بحران کو پیدا کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔ کراچی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ پر وزیراعلیٰ سندھ نے جوڈیشل کمیشن بنا دیا ہے اور ہمیں اس رپورٹ کا انتظار کرنا چاہئے چند ہفتوں میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فیصلہ کن جنگ لڑ رہا ہے اور ہم ان مشکلوں سے جلد نکل آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں میں دہشت گردوں کا ٹرائل جلد شروع ہو جائے گا اور ایسے ایسے دہشت گرد آزاد گھوم رہے ہیں جن پر سنگین مقدمات ہونے کے باوجود ان پر تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور اب کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کراچی اسٹاک ایکسچینج کے دورے کے موقع پر اسٹاک ایکسچینج کے دورے کے موقع پر اسٹاک ایکسچینج کے صدر منیر کمال اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مئی 2013ء کے انتخابات کے بعد مسلم لیگ ن کی حکومت تشکیل دی گئی تو اس وقت کراچی اسٹاک ایکسچینج 19916 کے انڈیکس پر موجود تھا جو ایک سال اور سات ماہ بعد 34606 کے انڈیکس پر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے خوشی کی بات ہے اور اس پر میں کراچی اسٹاک ایکسچینج کی تمام ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔