نوازشریف عمران کی مرضی کا کبھی جوڈیشنل کمیشن نہیں بنائیں گے ، شیخ رشید،فوجی عدالتوں کے کے خلاف فیصلہ آیا یا سپریم کورٹ کو چیلنج کا حق مل گیا تو فوجی عدالتوں کا مقصد ختم ہو جائے گا،افغانستان سے اس وقت پاکستان کے بہت بہتر تعلقات ہیں، جس ملک کا فل ٹائم وزیر خارجہ نہ ہو وہاں کے فوجی سربراہ کو یہ کام کرنا پڑتا ہے، ہندوستان پاکستان کی سرحدوں پرکبھی بھی نہیں چھیڑے گا وہ پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرے گا،جدہ میں پاکستانی روانگی سے قبل ظہرانے میں گفتگو

ہفتہ 31 جنوری 2015 04:16

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31جنوری۔2015ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمدنے کہاہے کہ نوازشریف عمران کی مرضی کا کبھی جوڈیشنل کمیشن نہیں بنائیں گے ، فوجی عدالتوں کے کے خلاف فیصلہ آیا یا سپریم کورٹ کو چیلنج کا حق مل گیا تو فوجی عدالتوں کا مقصد ختم ہو جائے گا،افغانستان سے اس وقت پاکستان کے بہت بہتر تعلقات ہیں، جس ملک کا فل ٹائم وزیر خارجہ نہ ہو وہاں کے فوجی سربراہ کو یہ کام کرنا پڑتا ہے، ہندوستان پاکستان کی سرحدوں پرکبھی بھی نہیں چھیڑے گا وہ پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرے گا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جدہ میں پاکستان روانگی سے قبل ایک ظہرانے سے گفتگومیں کیا۔ انہوں نے کہا اگر سپریم کورٹ سے فوجی عدالتوں کے خلاف فیصلہ آیا یا سپریم کورٹ میں ان فیصلوں کو چیلنج کرنے کا حق دے دیا گیا تو فوجی عدالتوں کا مقصد ختم ہوجائے گااور مجھے خدشہ ہے کہ دونوں میں سے ایک کام ہو جائے گا جس کی وجہ سے ایک نیا بحران پیدا ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت افغانستان سے ہمارے بہتر تعلقات ہیں مسئلہ ہندوستان کا ہے۔جتنے اچھے تعلقات ہمارے اشرف غنی سے ہیں اس سے پہلے کبھی نہیں رہے۔شیخ رشید نے کہا کہ ہندوستان پاکستان کی سرحدوں پرکبھی بھی نہیں چھیڑے گا وہ پاکستان کو اندرسے ختم کرے گا۔ ہندوستان پاکستان کے ساتھ اس وقت کنوینشنل وار لڑنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ ہندوستان پاکستان کے ساتھ جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا اس کی پالیسی پاکستان کو اندر سے توڑنا ہے سرحدوں کو چھیڑنا نہیں وہ پاکستان پر حملہ کر کے پاکستانی قوم کو متحد نہیں کرے گا۔

پاکستان جغرافیائی طور پر خطہ کے اہم ترین حصہ میں واقع ہے اور اس کی اہمیت کو کوئی بھی نظر انداز نہیں کر سکتا۔ انہون نے کہا کہ میری شاہ محمود قریشی اور مولنا طاہر القادری سے ملاقات ہوئی یے۔ پاکستان میں سیاست ایک ماہ بعد شروع ہوگی اور مولنا طاہر القادری پاکستان تشریف لائیں گے۔موجودہ دورنواز شریف کی سیاسی زندگی کا سیاہ ترین دور ہے۔

نہ ان کی معیشت ہے نہ ان کی سیاست ہے اور نہ ہی ان کے پاس ٹیم ہے۔موجودہ دور میں گورنس کا جنازہ نکل گیاہے۔ جتنے بھی لوگ نواز شریف نے اپوائنٹ کئے ہیں وہ نااہل ہیں، نالائق ہیں اور نواز شریف کی پسند کے لوگ ہیں۔ جس ملک کا وزیر خارجہ نہ ہو وہاں فوج یہ کام کرتی ہے ۔جتنا استقبال جنرل راحیل شریف کا امریکا او بریطانیہ میں ہوا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

دھرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی دھرنا نہ بھی دے نواز شریف نے اپنی حکومت کے خلاف خود دھرنا دیا ہوا ہے۔ پیٹرول کے حالیہ بحران کا ذمہ دا ر انہوں نے کمیشن مافیا کو قراد دیا اور یہ کہا کہ اگلے ماہ پھر کمیشن مافیا کی وجہ سے یہ بحران آسکتا ہے ۔نواز شریف عمران کی مرضی کا کبھی جوڈیشنل کمیشن نہیں بنائے گا جس سے اس کی اپنی گردن پھنستی ہو اور میں یہ بات دھرنے میں روز کہتا رہا ہوں۔