ہاکی فیڈریشن کو فوری طور پر 35 کروڑ روپے نہ ملے تو قومی ہاکی ٹیم اولمپکس کا کوالیفائنگ راؤنڈ نہیں کھیل پائے گی ، رانامجاہدعلی ،گزشتہ پانچ سال کے دوران پی ایچ ایف کو حکومت کی جانب سے صرف 70 کروڑ روپے ملے ہیں،استقبالیہ تقریب سے خطاب

ہفتہ 31 جنوری 2015 03:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31جنوری۔2015ء)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد علی خان نے کہا کے اگر فیڈریشن کو فوری طور پر 35 کروڑ روپے نہ ملے تو قومی ہاکی ٹیم اولمپکس کا کوالیفائنگ راؤنڈ نہیں کھیل پائے گی ، گزشتہ پانچ سال کے دوران پی ایچ ایف کو حکومت کی جانب سے صرف 70 کروڑ روپے ملے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمپئن ٹرافی میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے پر پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں نیشنل پریس کلب کی طرف سے دیے گے جمعہ کی شام کو استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوے کیا۔

اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق سیکرٹری آصف باجوہ نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں تین بار ایسے مواقع ملے کہ ہم اپنے قومی کھیل کو اس کے اصل مقام تک لے جائیں۔ پہلی بار 1981-82 میں پھر 1994 میں دوسری بار اور موجودہ وقت میں تیسری بار موقع ملا ہے کہ اس کھیل کی ترقی و ترویج کے لئے دانشمندی سے کام لیتے ہوئے اس کو اس کا اصل مقام دلوا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افسوس سے یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ جہاں بھی ”قومی“ کا لفظ آتا ہے۔

وہیں پر ناکامی اور تباہی نظر آتی ہے۔ اس قومی کھیل سے بھی سوتیلوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے سمری وزیراعظم کی میز پر پڑی ہے جس پر ابھی تک کوئی کام نہیں ہوا۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ اگر فنڈز نہ ملے تو پاکستان کا یہ قومی کھیل اذلان شاہ اور اولمپک میں کوالیفائی کرنے سے مرحوم رہے گا اور اگر یہ کوالیفائی نہ کر سکا تو پاکستان کا کوئی بھی کھیل اولمپک میں شامل نہ ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس قومی کھیل نے اس ملک کو 67 میڈل دیئے جبکہ دنیا کے کسی بھی ملک میں ایک ہی کھیل نے اتنے میڈل نہیں دیئے۔ انہوں نے میڈیا کے توسط سے وزیراعظم پاکستان اور وزیر کھیل سے مطالبہ کیا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈ جاری کئے جائیں تاکہ وہ آنے والے ایونٹ کے لئے بھرپور اور مکمل تیاری کر سکیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مارچ تک ہمیں فنڈز نہ ملے تو اولمپک سے ہمیں باہر ہونا پڑے گا۔ ہم نے حکومت کو بروقت مطلع کر دیا ہے تاکہ کل ہم پر الزام نہ آئے۔ دنیا کوالیفائی راؤنڈ کی تیاریاں کر رہی ہے مگر ہمیں ابھی تک فنڈ ہی جاری نہیں کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :