وزیراعظم کی وزیراعلی پنجاب سے ملاقات‘ نئے گورنر کی تقرری‘ نیشنل ایکشن پلان اور سینٹ انتخابات‘ ملک کی مجموعی سیاسی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

پیر 2 فروری 2015 09:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2فروری۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف کی وزیراعلی پنجاب سے ملاقات‘ نئے گورنر کی تقرری‘ نیشنل ایکشن پلان اور سینٹ انتخابات‘ ملک کی مجموعی سیاسی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اتوار کو وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی رائیونڈ جاتی عمرہ میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور نئے گورنر پنجاب کی تقرری‘ نیشنل ایکشن پلان اور سینٹ انتخابات بارے گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات میں کمی کی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان سے بہت سے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ ملک کو اس وقت دہشت گردی جیسے سنگین مسائل کا سامنا درپیش ہے۔

(جاری ہے)

ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے سیاسی جماعتوں کو متحد کرنا ہوگا۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں حکومت‘ فوج اور عوام متحد ہیں۔ نئی ایلیٹ فورس دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ملاقات میں دونوں راہنماؤں کی سینٹ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی جس میں نئے گورنر پنجاب کی تعیناتی صوبائی حکومت کی سفارش پر کرنے پر اتفاق کیا گیا اور سینٹ الیکشن میں ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق بھی گفتگو ہوئی جس پر وزیراعلی شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سینٹ الیکشن میں نئے کیساتھ ساتھ پرانے چہروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

پنجاب کی تمام گیارہ سیٹوں پر (ن) لیگ کے امیدوار ہی لائے جائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے نئی ایلیٹ فورس جوکہ دہشت گردی کیلئے بنائی گئی ہے‘ کے بارے میں کہا کہ نئی فورس دہشت گردی کے چیلنجوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی جس سے ملک سے دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کرنے میں آسانی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :