پاکستان تحریک انصاف کی پالیسی دوغلے پن اور منافقت پر مبنی ہے، ایک سگنل قوم کو اور دوسرا دہشت گردوں کو یہ ڈبل سٹینڈر اب نہیں چلے گا، اس وقت ضرورت ہے کہ ہم متحد ہو کر پورے طریقہ سے اپنی افواج کا ساتھ دیں اور دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں،خواجہ سعد رفیق

منگل 3 فروری 2015 09:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3فروری۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کی پالیسی دوغلے پن اور منافقت پر مبنی ہے ایک سگنل قوم کو اور دوسرا دہشت گردوں کو یہ ڈبل سٹینڈر اب نہیں چلے گا، عمران خان اپنی پوزیشن واضح کریں کہ وہ ملک وقوم کے ساتھ ہیں یا دہشت گردوں کو بڑھاوا دے رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گزشتہ روز لاہور چھاؤنی ریلوے سٹیشن پر پاور وینز کے افتتاح کے موقع پر اخبار نویسوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ جب آل پارٹیز کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف نے فوجی عدالتوں کے قیام کے لئے فوجی قیادت کی موجودگی میں حمایت کی اور وقت کی ضرورت اور ملک کی بہتری کے لئے دیگر تمام سیاسی جماعتوں نے آمادگی کا اظہار کیا تو اس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین حامد خان نے فوجی عدالتوں کے قیام کے خلاف کورٹ میں پٹیشن دائر کردی، انہوں نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کا انتہائی افسوس ناک رویہ اور دوغلا پن ہے اور یہ امر قابل ذکر ہے کہ جب فوجی عدالتوں کے قانون کا مسودہ تیار کیا جا رہا تھا اس وقت وہ اس کمیٹی کے ممبر تھے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی پارٹیاں جنہوں نے فوجی آمریت کے خلاف جدوجہد کیں اور قربانیاں بھی دیں انہوں نے وقت کی ضرورت اور ملک کی بہتری کے لئے فوجی عدالتوں کے قیام پر آمادگی ظاہر کی ،آج ملک حالت جنگ میں ہے اور ملک کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی کا خاتمہ اور ملک میں پھیلی بدامنی کو ختم کر کے امن وامان کو بحال کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک پر ایسی جنگ مسلط کردی گئی ہے کہ وہ پرچھائیوں سے لڑ رہا ہے، دشمن سامنے موجود نہیں ہے، ہماری صفوں کے اندر چھپا بیٹھا ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی پوزیشن واضح کریں کہ وہ ملک وقوم کے ساتھ ہیں یا دہشت گردوں کے ، ایک جانب قوم کو سگنل دینا اور دوسرا سگنل دہشت گردوں کو یہ ڈبل سٹینڈر برداشت نہیں کیا جائے گا، اگر حامد خاں قوم کے ساتھ ہیں تو وہ معافی مانگیں اور اپنی پٹیشن واپس لیں یا پھر عمران خان انہیں پارٹی سے نکالنے کا اعلان کریں، انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت ہے کہ ہم متحد ہو کر پورے طریقہ سے اپنی افواج کا ساتھ دیں اور دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں، آپس میں لڑنے اور سیاست چمکانے کے لئے بعد میں بھی بہت وقت مل جائے گا، آج وقت کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک وقوم کا ساتھ دینے کے لئے متحد ہو جائیں۔