مرتضی بھٹو کے خلاف آپریشن کی اجازت بے نظیر بھٹو نے دی،غنویٰ بھٹو،سانحہ کلفٹن کی ذمہ دار اس وقت کی حکومت تھی‘ تحریک انصاف کا کوئی نظریہ نہیں ہے اور نہ جمہوری رویے ہیں،سربراہ پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ

منگل 3 فروری 2015 09:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3فروری۔2015ء) پیپلزپارٹی شہید بھٹو گروپ کی سربراہ غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ مرتضی بھٹو کے خلاف آپریشن کی اجازت بے نظیر بھٹو نے دی۔ سانحہ کلفٹن کی ذمہ دار اس وقت کی حکومت تھی‘ تحریک انصاف کا کوئی نظریہ نہیں ہے اور نہ جمہوری رویے ہیں۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکی سفارتخانہ پاکستان کی سیاست کو چلا رہا ہے۔

نواز شریف کا بہترین دوست ملک طالبان کی بھی سپورٹ کررہا ہے۔ کسی منشور پر کام نہیں ہورہا ۔ بیورو کریٹ حکومت چلا رہے ہیں آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر کام ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا کوئی نظریہ نہیں ہے اور لاڑکانہ میں اس آدمی کو قیادت دی گئی جو مختلف پارٹیاں بدلتا رہا ہے۔ عمران خان عوام کے سامنے کھڑا ہوکر کہتاہے کہ نیا پاکستان بنائیں گے ‘ شادی کرلوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سونامی سے سب سے پہلے غریبوں کو ہی نقصان پہنچتا ہے ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ بلاول نے ذوالفقار علی بھٹو کی پالیسیاں اپنائیں‘ ان کے نقش قدم پر چلے اور انہوں نے تعاون مانگا تو انکی تعاون مانگنے کی پیشکش قبول کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرتضی بھٹو کے خلاف آپریشن کی اجازت بے نظیر بھٹو نے دی‘ جب غلطی کا ادراک ہوا تو بے نظیر بھٹو روتی رہیں ۔ سانحہ کلفٹن کی ذمہ دار اس وقت کی حکومت تھی۔ کوئی ملک کا وزیراعظم ہو اور اس کی مرضی کے بغیر اس کے بھائی کو کوئی ہاتھ لگائے یہ ہونہیں سکتا۔