سول ایوی ایشن ونیشنل ہائی وے اتھارٹی کے سکیورٹی خدشات نظر انداز،وزیراعظم سیکرٹریٹ کے ایک بااثر جونیئر بیورو کریٹ نے ائرپورٹ کی سڑک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے اندر سے گزارنے کی منظوری حاصل کرلی ، نئی سڑک کی منظوری نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے مبینہ مفادات کے پیش نظر کروائی گئی، ذرائع ،وزیراعظم سے سول ایوی ایشن کے سیکرٹری اور ایڈوائزر شجاعت عظیم کی ملاقات ،نئے انٹرنیشنل ائرپورٹ سے متعلق سکیورٹی خدشات بارے آگاہ کیا

منگل 3 فروری 2015 08:19

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3فروری۔2015ء ) سول ایوی ایشن اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے سکیورٹی خدشات کے باوجود وزیراعظم سیکرٹریٹ کے ایک بااثر جونیئر بیورو کریٹ فواد حسن فواد نے ائرپورٹ کی سڑک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے اندر سے گزارنے کی منظوری حاصل کرلی ہے نئی سڑک کی منظوری نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے مبینہ مفادات کے پیش نظر کروائی گئی ہے ۔

مصدقہ ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن کے سیکرٹری اور ایڈوائزر شجاعت عظیم نے پیر کو وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی اور نئے انٹرنیشنل ائرپورٹ سے متعلق سکیورٹی خدشات بارے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر سول ایوی ایشن کے ایڈوائزر شجاعت عظیم نے وزیراعظم کو بتایا کہ یہ قوم کے مستقبل کا معاملہ ہے اور حکومت کے حصہ ہونے کی نسبت سے میرا یہ فرض بنتا ہے کہ آپ کو اصل حقائق سے آگاہ کروں کیونکہ بہتر مستقبل کیلئے قومی مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرنا بہت ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سول ایوی ایشن ڈویژن اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے نئے ائرپورٹ کے لئے سڑک کسی بھی ہاؤسنگ سوائٹی سے گزارنے کو سکیورٹی رسک قرار دیدیا گیاہے ۔ اور ان دو معتبر اور اہم اداروں کی طرف سے گزشتہ روز وزیراعظم سیکرٹریٹ کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا ہے کہ مستقبل قریب میں اگر نئے ائرپورٹ کی مجوزہ سڑک کسی ہاؤسنگ سکیم سے گزاری گئی تو اس کے خوفناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں ۔

علاوہ ازیں اس ہاؤسنگ سوسائٹی کے زیر تعمیر کمرشل پلازے اور بلند رہائشی عمارتیں بھی سکیورٹی مسائل میں اضافے کا موجب بنیں گی اس طرح موٹروے اور جی ٹی روڈ کی طرف سے آنیوالی ٹریفک کا دباؤ بھی سکیورٹی خطرات میں اضافے کا باعث بنے گا ۔ سول ایوی ایشن اور این ایچ اے کی طرف سے وزیراعظم سیکرٹریٹ کو یہ بھی بتایا گیا کہ دنیا میں ایسی کوئی مثال موجود نہیں ہے کہ انٹرنیشنل ائرپورٹ کیلئے استعمال ہونیوالے ائرپورٹ کو جانے والی سڑک کسی رہائشی منصوبے سے گزاری جائے اس لئے وزیراعظم اس حوالے سے نظر ثانی کریں ۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم سیکرٹریٹ کے اہم ترین جونیئر بیورو کریٹ فواد حسن فواد نے وزیراعظم سے یہ منظوری حاصل کرلی تھی کہ نئے ائرپورٹ کو جانیوالی سڑک ایک نجی ہاؤسنگ منصوبے سے گزاری جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد نے مبینہ طور پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ سے ملی بھگت کرکے یہ منظوری حاصل کی تھی کیونکہ فواد حسن فواد سمیت کئی اہم بیورو کریٹس کی اسلام آباد کے قیمتی پلاٹوں میں گہری دلچسپی پائی جاتی ہے ۔ اس سے پہلے وفاقی دارالحکومت کے دو سیکٹروں سی پندرہ اور سی سولہ میں بھی فواد حسن فواد نے سی ڈی اے انتظامیہ پر دباؤ ڈال کر رولز میں ترامیم کروائیں اور مبینہ طور پر کئی اہم بیورو کریٹس کو مالی فوائد پہنچائے گئے اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :