کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس طرح مشرقی جرمنی،مغربی جرمنی کی جھولی میں آگرا اس طرح کشمیر پاکستان کی جھولی میں آگرے گا،شہباز شریف،حکومت اور فوج کے درمیان کوئی خلیج نہیں،عمران خان اب سڑکوں پر آئے تو ان کی سیاست ختم ہوجائے گی،کالعدم تنظیموں سے کوئی لحاظ نہیں برتا جائے گا،نجی ٹی وی کو انٹرویو

جمعہ 6 فروری 2015 09:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6فروری۔2015ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس طرح مشرقی جرمنی،مغربی جرمنی کی جھولی میں آگرا اس طرح کشمیر پاکستان کی جھولی میں آگرے گا،حکومت اور فوج کے درمیان کوئی خلیج نہیں،عمران خان اب سڑکوں پر آئے تو ان کی سیاست ختم ہوجائے گی،کالعدم تنظیموں سے کوئی لحاظ نہیں برتا جائے گا۔

نجی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ قوم نے دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،16دسمبر پاکستان کی تاریخ کا بدترین دن تھا۔پہلی بار انسداد دہشتگردی فورس بنائی ہے،نئی فورس دہشتگردی کا مقابلہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد عمران خان کا رویہ مثبت رہا،خیبرپختونخوا کی ترقی پر توجہ دینے کے ان کے بیان کو اچھا سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی دھرنوں کی سیاست کو عوام نے مسترد کردیا۔اب دوبارہ اگر وہ سڑکوں پر آئے تو ان کی سیاست ختم ہوجائے گی،ملک بھی احتجاج کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،کشمیر پر دونوں ملکوں نے جنگیں لڑی ہیں لیکن بربادی ہوئی اور غربت بڑھی،کشمیر کا مسئلہ اسی جگہ پر ہے۔انہوں نے کہا کہ5ماہ بعد یا50سال بعد کشمیر آکر پاکستان کی جھولی میں گرے گا جس طرح مشرقی جرمنی مغربی جرمنی کی جھولی میں آکر گرا اور دیوار برلن ختم ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب کا فیصلہ جلد کر لیا جائے گا،پارٹی نے فیصلہ کرنا ہے،سابق گورنر کے حوالے سے کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔انہوں نے کہا کہ عسکری اور سیاسی قیادت میں کوئی خلیج نہیں ہے،تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہئے