فرانسیسی اخبار پر حملے کا ماسٹر مائنڈ یمن میں ہلاک،حارث نظاری کو 31 جنوری کو امریکی ڈرون سے نشانہ بنایا گیا

ہفتہ 7 فروری 2015 09:09

دبئی۔ ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7فروری۔2015ء )یمن میں امریکا کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں القاعدہ کا ایک سرکردہ جنگجو حارث النظاری ہلاک ہوگیا ہے۔ جزیرہ نما عرب میں القاعدہ نے اس کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔القاعدہ کی اس شاخ نے ٹویٹر پر جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ''النظاری سمیت چار جنگجو 31 جنوری کو یمن کے جنوبی صوبے شیبوہ میں ایک کار پر صلیبی امریکیوں کے ڈرون حملے میں مارے گئے تھے''۔

تنظیم نے باقی تین جنگجووٴں کے نام سعید عوض بافرج ،عبدالسمیع ناصر الحداء اور عزام الحضرمی بتائے ہیں۔قبائلی ذرائع نے بھی ان کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ میزائل حملے میں ان کی کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی۔واضح رہے کہ حارث النظاری نے پیرس میں تومین آمیز خاکے شائع کرنے والے میگزین چارلی ہیبڈو پر 7 جنوری کو حملے کے بعد فرانس میں مزید حملوں کی دھمکی دی تھی۔

(جاری ہے)

اس نے فرانس میں حملوں کے بعد 10 جنوری کو ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں کہا تھا کہ ''آپ کے لیے بہتر یہی ہے آپ مسلمانوں کے خلاف جارحیت ختم کردیں تاکہ آپ بھی پْرامن طریقے سے رہ سکیں۔اگر آپ اس سے انکار کرتے ہو اور جنگ مسلط کرتے ہو تو پھر جوابی حملوں کے لیے بھی تیار رہو''۔واضح رہے کہ جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کے ایک جنگجو نصر بن علی العنسی نے چارلی ہیبڈو پر حملے کے چار روز بعد اس کی ذمے داری قبول کی تھی۔

مغربی انٹیلی جنس اداروں کے مطابق اس میگزین کے دفاتر پر حملہ کرنے والے دونوں بھائیوں میں سے ایک شریف کواشی نے یمن میں القاعدہ کے کیمپوں میں تربیت حاصل کی تھی۔ امریکا گذشتہ چھے برسوں سے یمن میں القاعدہ کے جنگجووٴں کے خلاف ڈرون حملے کررہا ہے۔اب خانہ جنگی کا شکار اس ملک میں بحران کے باوجود امریکی صدر براک اوباما نے 25 جنوری کو ایک بیان میں کہا تھا کہ یمن میں ہائی ویلیو اہداف کے خلاف فضائی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

تاہم انھوں نے یمن میں زمینی فوج بھیجنے کی اطلاعات کی تردید کی تھی۔ صدر اوباما کے اس بیان کے بعد یمن کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں تین ڈرون حملوں میں القاعدہ کے گیارہ جنگجو مارے جاچکے ہیں۔نیو امریکا فاوٴنڈیشن کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق امریکا نے سنہ 2009ء کے بعد یمن میں 110 سے زیادہ ڈرون حملے کیے ہیں۔ستمبر 2011ء میں بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے کے ایک میزائل حملے میں یمنی نڑاد امریکی شہری اور القاعدہ کے لیڈر انور العولقی ہلاک ہوگئے تھے۔ان پر جنگجووٴں کو امریکا پر حملوں کی شہ دینے کا الزام تھا۔

متعلقہ عنوان :