فصلی بیٹرے اور سیاسی بھگوڑے انقلاب نہیں لا سکتے بگاڑ پیدا کر سکتے ہیں ، چوہدری نثار علی خان ،خان صاحب کی ٹیم فصلی بٹیروں اور سیاسی بھگوڑوں پر مشتمل ہے عوام ان کے جھانسے میں نہ آئیں،جو ایک صوبہ نہیں چلا سکتے پورا ملک کیسے چلائیں گے، پاکستان کو آگے لے کر جانے کے لئے تمام قوتوں کو متحد ہونا پڑے گا،فتح جنگ واٹر سپلائی سکیم کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب

ہفتہ 7 فروری 2015 08:34

اٹک خورد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7فروری۔2015ء)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے فصلی بیٹرے اور سیاسی بھگوڑے انقلاب نہیں لا سکتے بگاڑ پیدا کر سکتے ہیں خان صاحب کی ٹیم فصلی بٹیروں اور سیاسی بھگوڑوں پر مشتمل ہے عوام ان کے جھانسے میں نہ آئیں جو ایک صوبہ نہیں چلا سکتے پورا ملک کیسے چلائیں گے ان خیالات کا اظہارانھوں نے جمعہ کے روز فتح جنگ واٹر سپلائی سکیم کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجتماع سے صوبائی وزیر چوہدری شیر علی خان ،آصف علی ملک ایڈووکیٹ اور ایم پی اے شاویز خان نے بھی خطاب کیاوزیر داخلہ نے کہا کہ یقین رکھیں مسلم لیگ ن محب وطن جماعت ہے عوام کے مسائل کو حل کرنے سے غافل نہیں ہے عوام کی قیادت پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے دن رات جدوجہد کر رہی ہے انشاء اللہ جلد بہتری آئے گی پاکستان کو آگے لے کر جانے کے لئے تمام قوتوں کو متحد ہونا پڑے گا انہوں نے کہا کہ فتح جنگ کے لوگوں سے سیاسی اور ووٹ کا رشتہ نہیں ہے یہ میری ماں کی سرزمین ہے میرا اس علاقے سے خون کا رشتہ ہے فتح جنگ کے شہریوں کو بین الاقوامی معیار کا صاف شفا ف پانی فراہم کیا جائے ۔

(جاری ہے)

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میرے لئے اس علاقے کے عوام کی محبت باعث فخر ہے میں نے الیکشن کے وقت یہ عزم کر رکھا تھا کہ اگر اللہ نے طاقت اور اختیار دیا تو فتح جنگ کے شہریوں کو صاف شفاف پانی ضرور فراہم کروں گا مجھے اصل خوشی تب ہو گی جب فتح جنگ کے ہر گھر میں بین الاقوامی معیار کا صاف و شفاف پینے کے پانی کی فراہمی شروع ہو جائے گی انھوں نے کہا کہ میں محض اعلانات کرنے کا قائل نہیں ہوں لیکن آپ سے یہ وعدہ کرتا ہوں کہ وفاقی اور صوبائی حکومت میں جتنا میرا اثر و رسوخ ہے استعمال کر کے اس علاقے کو روایتی فنڈز سے کئی گنا زیادہ فنڈز فراہم کروں گا جس میں اس علاقے کے بہت سے ترقیاتی منصوبے شامل ہونگے۔

یہ میرا حلقہ نہیں میرا اپنا علاقہ ہے میرا سارا بچن یہاں گزرا ہے یہ میری ماں کی سرزمین ہے میری ماں کا تعلق اس علاقے سے ہے فتح جنگ کے باسیوں سے میرا تعلق ووٹ اور سیاسی نہیں بلکہ خون کا رشتہ ہے اس علاقے کے لوگوں کے مسائل اور تکالیف کے حل کے لئے بھر پور جدوجہد جاری رکھوں گا انھوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ بجلی سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ کم نہ ہو سکی لیکن یقین رکھیں کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اور آپ کی قیادت ان مسائل سے غافل نہیں ہے لیکن 10سالوں کا بگاڑ اتنی جلدی درست نہیں ہو سکتا ہمیں جب اقتدار ملا تو پاکستان ایک اجڑے اور ویران گھر کی طرح تھا جس کو بحال کرنے اور آپ کے چہروں کی مسکراہٹوں کو واپس لانے میں وقت لگے گا انھوں نے کہا کہ آج جو فصلی بٹیرے سیاستدانوں کے روپ میں آپ کے سامنے ہیں یہ سیاست سے نا بلد ہیں محض بیانات سے بہتری نہیں آسکتی جو ایک صوبے کی حکومت نہیں چلا سکتے وہ ملک کو کیا چلائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ سبز باغ دکھانے والے سیاسی بھگوڑے پر مشتمل ٹیم انقلاب نہیں لاسکتی بگاڑ لا سکتی ہے خان صاحب کے ساتھیوں نے کون سا ایسا گھر ہے جو نہیں دیکھا کبھی میاں صاحب کے ساتھ کبھی ق لیگ اور کبھی مشرف کے ساتھ جو بھی اقتدار میں آیا اس کے ساتھ کھڑے رہے ان کی پنجابی کی مثال کیہڑی گلی جتھے بھاگو نہیں کھلی کی طرح ہے چوہدری نثار علی خان نے کہا انشاء اللہ فتح جنگ کے عوام کے مسائل کو حل کرنے اور ان کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنا اثر و رسوخ بھر پور طریقے سے استعمال کروں گا ۔

قبل ازیں چوہدری نثار علی خان نے فتح جنگ واٹر سپلائی سکیم کے افتتاح کی تختی کی نقب کشائی کی یہ منصوبہ 47کروڑ روپے کی لاگت سے دو سال میں مکمل ہو گا اس منصوبے سے فتح جنگ کی 50ہزار آبادی مستفید ہوگی ۔