اوبامہ کا دورہ‘ تاجر اور سیاسی حلقوں کا دباؤ؟برف پگھلنے لگی،پاکستان اور بھارت کے درمیان بیک ڈور رابطے بحال ہو گئے‘ بیک ڈور ڈپلومیسی چینل کی جلد ملاقات کا امکان

پیر 9 فروری 2015 09:24

اسلام آباد / نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9فروری۔2015ء) امریکہ کے بھارت پر دباؤ اور پاکستان میں تاجر حلقوں کے حکومت سے رابطوں کے بعد دونوں ملکون کے درمیان بیک ڈور رابطے بحال ہو گئے ہیں جن میں پاک بھارت مذاکراتی عمل کو بحال کرنے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ معتبر ذرائع کے مطابق امریکی صدر باراک اوبامہ کے دورے کے بعد بھارت کے رویہ میں لچک سامنے آئی ہے اور اس کے نتیجے میں کچھ بیک ڈور رابطے ہوئے ہیں جن میں مذاکرات کی بحالی اور تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششوں پر ابتدائی تبادلہ خیال ہوا ہے اور بعض ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گرمیوں کے آتے آتے پاکستان اور بھارت کے درمیان برف پگھلنا شروع ہو جائے گی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں پاکستان سے بعض اہم تاجر رہنماؤں اور بعض سابقہ حکومتی اہم شخصیات کے بھارت کے دوروں میں دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کا معاملہ خاص طور پر زیر بحث رہا اور بھارت کے سیاسی و تجارتی حلقوں نے بھی موجودہ تناؤ اور کشیدگی کی صورتحال کو معمول پر لانے سے اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق تاجر اور سیاسی شخصیات کے ان رابطوں کے بعد بیک ڈور ڈپلومیسی چینل متحرک ہو گیا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ جلد ہی اس چینل میں اہم کردار ادا کرنے والی شخصیات ملاقاتیں کریں گی جبکہ بھارتی میڈیا نے تو پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی اس حوالے سے بھارتی سیکرٹری خارجہ سے جلد ملاقات کا بھی عندیہ دیا ہے جس سے امید کی جا رہی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکراتی عمل بحال ہو سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :