پاکستان واپڈا نے نیشنل پاورلفٹنگ چیمپئن شپ جیت لی،پاکستان ریلوے اور پنجاب کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں

منگل 10 فروری 2015 08:54

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10فروری۔2015ء ) پاکستان واپڈا نے نیشنل پاورلفٹنگ چیمپئن شپ جیت لی جبکہ پاکستان ریلوے اور پنجاب کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں،چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہماناں خصوصی سابق رکن قومی اسمبلی حافظ سلمان بٹ اور پاکستان واپڈا سپورٹس بورڈ کے سیکرٹری محمد رزاق گل تھے جنہوں نے جیتنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

اس موقع پر پاکستان پاور لفٹنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد راشد ملک کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، پنجاب یونیورسٹی لاہور میں کھیلی گئی چیمپئن شپ میں پاکستان واپڈا، پاکستان ریلوے، کسٹمز، پنجاب، سندھ ، بلوچستان ، خیبرپختونخواہ ، اسلام آباد، آزاد جموں وکشمیر، فاٹا اور گلگت بلتستان کی ٹیموں نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان واپڈا کی ٹیم 106 پوائنٹ کے ساتھ ناقابل شکست رہی اور پاکستان واپڈا کے کھلاڑیوں نے 8 میں 6 کلاسز میں گولڈ میڈل حاصل کئے ،پاکستان ریلوے کی ٹیم 2 گولڈ اور 62 پوائنٹ کے ساتھ دوسری پوزیشن پر برقرار رہی جبکہ پنجاب نے 56 پوائنٹ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی، پاکستان واپڈا کے عاصم شہزاد نے 59 کلو گرام کلاس میں ایک نیا قومی ریکارڈ بنایا۔

پنجاب کے انورسعید بٹ نے 66 کلو گرام کلاس میں ماسٹرز میں تین نئے قومی ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہو ئے، پاکستان واپڈا کے عمران علی 66 کلو گرام میں، پاکستان ریلوے کے ندیم مسیح 74 کلو گرام میں، پاکستان ریلوے ہی کے عمران خان 83 کلو گرام کلاس میں، پاکستان واپڈا کے علی رضا 93 کلو گرام کلاس میں، پاکستان واپڈا کے توقیر ظفر نے 120 کلو گرام کلاس میں تین نئے قومی ریکارڈ بنا کر اور پاکستان واپڈا کے نامور نوجوان پاور لفٹر محمد نوح دستگیر بٹ نے 120 کلو گرام سے زائد وزن کی کلاس میں تین قومی ریکارڈ بناتے ہوئے پاکستان میں سب سے زیادہ وزن اٹھانے کا اعزاز حاصل کیا ۔

ان مقابلوں میں پاکستان کے نامور پاور لفٹر اطہر کامران بٹ نے بھی حصہ لیا اور 105 کلو گرام کلاس میں ماسٹرز گروپ میں تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے۔ پنجاب کے نامور ویٹ لفٹرز اُستاد عبدالغفور نے ان مقابلوں کے سب سے عمر رسیدہ پاور لفٹر کا اعزاز حاصل کیا اور 59 کلوگرام کلاس میں حصہ لیتے ہوئے 74 سال کی عمر میں مجموعی طور پر 175 کلو گرام وزن اٹھا کر نیا قومی ریکارڈ قائم کیا۔