سینیٹررحمن ملک کی لندن میں الطاف حسین سے تفصیلی ملاقات، سینیٹ الیکشن، ایم کیوایم پیپلزپارٹی تعلقات ، سیاسی صورتحال اورملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال، دونوں جماعتیں مل جل کرسندھ کوترقی دینے اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گی۔دونوں رہنماوٴں میں اتفاق، ایم کیو ایم جلد سندھ حکومت میں ہوگی،پاکستان میں فوجی عدالتیں دہشتگردوں کیلئے بنی ہیں، رحمان ملک ،پیپلزپارٹی او ر متحدہ کے درمیان سینٹ انتخابات کے فارمولے پر اتفاق رائے طے پاگیا، سینٹ میں پی پی کو 7 جبکہ متحدہ کو 4 نشستیں ملیں گی‘ آصف زرداری کا متحدہ کو مکمل حمایت کی بھی یقین دہانی‘ ایم کیو ایم نے سندھ حکومت میں بھی شمولیت کا فیصلہ کر لیا

بدھ 11 فروری 2015 09:29

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 11فروری۔2015ء)سابق وفاقی وزیرداخلہ اورپیپلزپارٹی اوورسیزکے صدرسینیٹررحمن ملک نے لندن میں متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائد الطاف حسین سے تفصیلی ملاقات کی ۔ ملاقات تین گھنٹے تک جاری رہی جس میں سینیٹ الیکشن، ایم کیوایم پیپلزپارٹی تعلقات ، سیاسی صورتحال اورملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں فیصلہ کیاگیاکہ سیاسی ماحول کوبہتربنانے کیلئے پیپلزپارٹی اورایم کیوایم کے مابین سیاسی مفاہمت کے عمل کوآگے بڑھایاجائے گا۔ ملاقات میں طے کیاگیاکہ ایم کیوایم اورپیپلزپارٹی سینیٹ الیکشن میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گی، دونوں جماعتوں کے مابین سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگی۔ اس سیٹ ایڈجسٹمنٹ فارمولے کے تحت پیپلزپارٹی کو سات اورایم کیوایم کو چارسیٹیں ملیں گی ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں چندروزقبل پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدرآصف علی زرداری اور الطاف حسین کے درمیان ہونے والی گفتگوکی روشنی میں فیصلہ کیاگیاکہ سندھ میں امن وبھائی چارہ اور افہام وتفہیم کی فضاء کوفروغ دینے کیلئے ایم کیوایم جلدہی سندھ حکومت میں شامل ہوگی اس سلسلے میں اس مرتبہ دونوں جماعتوں کے مابین باقاعدہ تحریری معاہدہ ہوگا ۔

ملاقات میں طے کیاگیاکہ دونوں جماعتوں کے مابین طے پانے والے معاہدے پرعمل درآمداورورکنگ ریلیشن شپ کوبہتربنانے کے لئے ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں دونوں جانب سے دو دو ارکان شامل ہوں گے تاکہ مستقبل میں دونوں جماعتوں کے مابین پیداہونے والے مسائل کوباہمی مشاورت سے حل کیاجائے۔ حکومتی معاملات کے حل کیلئے دونوں جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان پر مشتمل ایک وزارتی کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔

اس موقع پر سینیٹررحمن ملک نے سابق صدرآصف علی زرداری کی جانب سے الطا ف حسین کویقین دلایاکہ اس مرتبہ ایم کیوایم کواس کاجائزحق ملے گا اورہرشعبہ میں 40-60 کے فارمولے پر عمل درآمدکویقینی بنایاجائے گا۔ ملاقات میں اس بات پراتفاق کیاگیاکہ دونوں جماعتیں مل جل کرسندھ کوترقی دینے اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گی۔اس موقع پر دونوں رہنماوٴں نے اللہ تعالیٰ سے دعاکی پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کاخاتمہ ہو اورپاکستان ان دنوں جن مسائل میں گھراہواہے ان سے نکل سکے اورترقی کی راہ پر گامزن ہو۔

آخرمیں رحمن ملک نے الطاف حسین نے کوبتایاکہ وہ کراچی پہنچتے ہی اس ملاقات کی تفصیلی رپورٹ پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کوپیش کریں گے۔انکی جانب سے توثیق ہوتے ہی اس پر عمل درآمدکاآغازکردیاجائے گا ادھرپیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم جلد سندھ حکومت میں ہوگی،پاکستان میں فوجی عدالتیں دہشتگردوں کیلئے بنی ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ کر رہے ہیں،دہشتگردی کا خاتمہ ہمارا مقصد ہے،دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فوجی عدالتیں دہشتگردوں کیلئے بنی ہیں،فوجی عدالتوں میں سیاسی مقدمات کی سماعت نہیں ہوگی ۔ متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان سینٹ انتخابات کے فارمولے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے جس کے تحت پی پی کو 7 نشستیں اور متحدہ کو 4 نشستیں ملیں گی جبکہ الطاف حسین نے سندھ حکومت میں شمولیت پر بھی رضامندی ظاہر کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق منگل کے روز سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے لندن میں الطاف حسین سے ملاقات کی اور انہیں پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا اہم پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی اور کراچی کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سینٹ انتخابات کے فارمولے پر بھی بات چیت ہوئی جس کے مطابق سینٹ الیکشن میں پی پی کو 7 اور متحدہ کو 4 نشستیں ملیں گی۔

ملاقات میں متحدہ کو سندھ حکومت میں شمولیت کی بھی دعوت دی گئی۔ متحدہ کے اعلامیہ کے مطابق ایم کیو ایم سندھ حکومت میں جلد شمولیت اختیار کرے گی اور دونوں جماعتوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ مضبوط بنانے کیلئے تحریری معاہدہ بھی کیا جائے گا۔ ان ریلیشنز کو مزید بہتر بنانے کیلئے کمیٹی بھی بنائی جائے گی جس میں دونوں جماعتوں سے دو دو ارکان شامل ہوں گے۔

اس موقع پر رحمن ملک کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے سندھ حکومت میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا۔ دونوں جماعتیں ملکر سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں گی۔سینیٹ الیکشن قریب آتے ہیں سیاسی ہلچل میں تیزی آ گئی ہے۔ رحمن ملک کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ان کے موقف کو مثبت انداز میں سنا۔ انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم نے سندھ حکومت میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دونوں جماعتیں سینیٹ انتخابات میں مشترکہ طور پر حصہ لیں گی۔ رحمن ملک نے آصف علی زرداری کی جانب سے متحدہ کو مکمل حمایت کی بھی یقین دہانی کروائی۔