الطاف حسین پاکستانی عوام کو تشدد اور نفرت پر ا کسا رہے ہیں۔ ایم کیو ایم مافیا کی پارٹی کے طور پر جانی جاتی ہے، پاکستان تحریک انصاف نے برطانوی ہائی کمشنر کو کھلا خط لکھ دیا ،برطانوی حکومت اپنے شہری کی غیر قانونی سرگرمیوں کا نوٹس لے ، الطاف حسین کے خلاف کارروائی کی جائے،خط میں مطالبہ، ایم کیو ایم نے عمران خان کے خلاف امریکی سفیر رچرڈ اولسن کے نام خط لکھ دیا،لاس اینجلس کے کیرون وائٹ فیصلے پر عمل درآمد کرایا جائے،مطالبہ

بدھ 11 فروری 2015 09:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 11فروری۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف نے برطانوی ہائی کمشنر کو کھلا خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے الطاف حسین پاکستانی عوام کو تشدد اور نفرت پر ا کسا رہے ہیں۔ ایم کیو ایم مافیا کی پارٹی کے طور پر جانی جاتی ہے۔ خط تحریک انصاف کی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری کی جانب لکھا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز پاکستان تحریک انصاف کی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری کی جانب سے الطاف حسین کے خلاف برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن کوکھلا خط لکھا گیا ہے۔

جس میں لکھا گیا ہے کہ ایم کیو ایم صحافیوں اور سیاسی شخصیات کے قتل میں ملوث ہے ایم کیو ایم کا مسلح و نگ موجود ہے جو لوگوں کو قتل کرتا ہے ان سے بھتہ وصول کرتا ہے۔ اوران کو ڈراتا دھمکاتا ہے جس کی وجہ سے شہری ایم کیو ایم سے خوفزدہ ہیں الطاف حسین کی پارٹی مافیا کی پارٹی کے طو رپر مانی جاتی ہے الطاف حسین عوام کو تشدد اور نفرت پر اکسا رہا ہے کئی دہائیوں سے کراچی کے شہریوں کو خوفزدہ کر رکھا ہے الطاف حسین اس کیلئے برطانوی سرزمین استعمال کررہے ہیں الطاف حسین نے خواتین کو غلیظ گالیاں دی ہیں اس کے خلاف پاکستان میں قتل کے کئی مقدمات التواء ہیں سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں بھی جے آئی ٹی نے ایم کیو ایم کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے الطاف حسین مسلسل عمران خان کو دھمکیاں دے رہے ہیں برطانوی حکومت نے اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

(جاری ہے)

برطانوی حکومت اپنے شہری کی غیر قانونی سرگرمیوں کا نوٹس لے اور برطانوی شہری الطاف حسین کے خلاف کارروائی کی جائے۔دوسری جانب ایم کیو ایم نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے خلاف امریکی سفیر رچرڈ اولسن کے نام خط لکھ دیا‘ لاس اینجلس کے کیرون وائٹ فیصلے پر عمل درآمد کرایا جائے۔ ایم کیو ایم کے سینیٹر بابر غوری کی جانب سے امریکی سفیر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی لاس اینجلس عدالت نے کیرون وائٹ کے مقدمہ میں جو فیصلہ کیا تھا اس پر عملدرآمد کرایا جائے عدالت کے فیصلے کے بعد کیرون وائٹ کو عمران خان سے ملایا جائے عمران خان کیرون وائٹ کی ولدیت سے انکار کرکے عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کررہا ہے۔