اقتصادی راہداری منصوبے کے روٹ کی تبدیلی کے حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں، احسن اقبال ،منصوبے میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے ،ملک دشمن عناصر چین کی مدد سے جاری منصوبوں کو متنازعہ بنانے کے لئے بدگمانی پھیلا رہے ہیں جو کامیاب نہیں ہوں گے ، مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس، وفاقی وزیر احسن اقبال نے ملاقات میں اقتصادی راہداری کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات دور کر دیئے ہیں ‘مولانا فضل الرحمن

بدھ 11 فروری 2015 09:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 11فروری۔2015ء)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے روٹ کی تبدیلی کے حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں،منصوبے میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے ،ملک دشمن عناصر چین کی مدد سے جاری منصوبوں کو متنازعہ بنانے کے لئے بدگمانی پھیلا رہے ہیں جو کامیاب نہیں ہوں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز جے یو آئی (ف) سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے میں تبدیلی کی خبریں بے بنیاد ہیں، اس منصوبے میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے ،اقتصادی راہداری منصوبہ وفاق کی تمام اکائیوں کے لئے نہایت اہم ہے،منصوبہ پر مرحلہ وار عملدرآمد ہوگا،انہوں نے کہا کہ گوادر کو خنجراب سے مختلف راستوں سے منسلک کیا جائیگا،حکومت ترجیحی بنیادوں پر این پچاسی اور ایم ایٹ پر کام کررہی ہے ،ان کا کہنا تھا کہ لواری ٹنل منصوبے کو دو سال کے اندر مکمل کای جائیگا ،وفاقی وزیر نے کہا کہ منصوبے کے متعلق بدگمانی پھیلائی گئی ،بعض لوگ پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبے کو مکمل ہوتا نہیں دیکھ سکتے اس لئے بے بنیاد پروپیگنڈا کررہے ہیں،ملک دشمن قوتیں پاک چائنہ منصوبے کو متنازعہ بنارہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ چائنہ اقتصادی منصوبہ ایک سڑک کا نام نہیں ہے ،یہ منصوبہ ملک کی تمام اکائیوں کے لئے ہے کسی ایک شہر کے لئے نہیں ہے،گوادر کو خنجراب کے مختلف علاقوں سے منسلک کیا جائیگااور ملک کے ہر شہر کو اس کے فوائد حاصل ہوں گے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے میں روٹ کی تبدیلی کے حوالے سے من گھڑٹ افواہیں پھیلائی گئی جس سے خیبر پختونخواہ کی عوام میں تشویش پائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے ملاقات میں اقتصادی راہداری کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات دور کر دیئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ چاروں صوبوں کے مفاد اور ترقی کے مطابق ہے اور یہ منصوبہ چاروں صوبوں کی مشاورت سے شروع کیا گیا ہے ۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک کی خوشحالی کے لئے اقتصادی راہداری منصوبہ جلد از جلد مکمل ہونا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے ڈیرہ اسماعیل خان ،ٹاک ،بنوں اور خیبر پختونخواہ کے دیگر شہروں کو فوائد حاصل ہوں گے اور بے روز گاری کے خاتمے میں مدد گار ثابت ہوگا۔