خاران میں سکیورٹی فورسز اور ایف سی کی مشترکہ کارروائی ، 3اہم کمانڈوں سمیت 15دہشت گرد ہلاک ،فائرنگ کے تبادلہ میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید، تین ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے،بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا

بدھ 11 فروری 2015 08:32

خاران(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 11فروری۔2015ء)خاران میں سکیورٹی فورسز اور ایف سی کی مشترکہ کارروائی کے دوران 15دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔فائرنگ کے تبادلہ میں ایک سکیورٹی اہلکار شہیدجبکہ تین ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز خاران کے علاقے بسیما میں حساس اداروں کی رپورٹ پر ایف سی اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کے دوران ایک مکان پر چھاپہ مارا جہاں پر شدت پسندوں نے فائرنگ شروع کر دی ،جوابی فائرنگ میں 15دہشت گرد مارے گئے ،ہلاک ہونے والوں میں 3اہم کمانڈر بھی مارے گئے جن کا تعلق علیحدگی پسند تنظیم سے تھا،سکیورٹی حکام نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایف سی اور سکیورٹی فورسز کی مشتر کہ کارروائی میں 15دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں جو کوئٹہ میں متعدد بم دھماکوں کی وارداتوں میں ملوث تھے ،بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ دہشت گردوں کی لاشیں تحویل میں لے لی گئیں ہیں۔

سکیورٹی حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار بھی شہید ہوگیا ہے جبکہ تین ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔