وزارت پٹرولیم نے پٹرول بحران پر پی ایس او بورڈ آف مینجمنٹ کو تحلیل کردیا ،چیئرمین بورڈ مجاہد عیسانی سمیت سات ممبران کو فارغ کردیا گیا،اوگرا چیئرمین سعید احمد خان فارغ ‘اربوں روپے کی تحقیقات کا آغاز،سعید احمد خان کیخلاف ریفرنس دائر ،سپریم کورٹ آج معطل چیئرمین اوگراسعیداحمدخان کیخلاف مقدمہ سنے گی

جمعرات 12 فروری 2015 09:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12فروری۔2015ء) وزارت پٹرولیم نے پٹرول بحران پر پی ایس او بورڈ آف مینجمنٹ کو تحلیل کردیا چیئرمین بورڈ مجاہد عیسانی سمیت سات ممبران کو فارغ کردیا گیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پٹرول بحران کے بعد بننے والی تحقیقاتی کمیٹی نے پی ایس او کے بورڈ آف مینجمنٹ کو بھی بحران کا ذمہ دار قرار دیا تھا جس کے بعد وزارت پٹرولیم نے بورڈ تحلیل کرنے کے لیے سمری وزیراعظم کو ارسال کی اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت پٹرولیم نے پی ایس او کے بورڈ آف مینجمنٹ کو تحلیل کردیا ہے اور بورڈ کے چیئرمین مجاہد عیسانی سمیت سات ممبران کو فارغ کردیا گیا ہے۔

چیئرمین اوگرا سعید احمد خان کو ملازمت سے فارغ کرنے کے ساتھ ہی کرپشن تحقیقات کا آغاز بھی ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

سعید احمد خان کو اوگرا سے زبردستی رخصت پر بھیجنے کافیصلہ ‘ آئل اینڈ گیس سیکٹر میں اربوں روپے کی کرپشن اور معاملات کو ریگولیٹ نہ کرنے کی وجہ سے فارغ کیا گیا ہے ۔ پیٹرول بحران پر قائم تحقیقاتی کمیٹی نے اوگرا اتھارٹی کو ذمہ دار قرار دے کر ان کے خلاف بھی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

خبر رساں ادارے کو ذرائع نے بتایا کہ سعید احمد خان چیئرمین اوگرا کے خلاف کرپشن تحقیقات کا حکم پہلے ہی سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے رہنماء اسد عمر کی پٹیشن پر دے رکھا ہے۔ سابق چیئرمین اوگرا سعید خان پر الزام ہے کہ انہوں نے ادارہ میں اقربا پروری پر لوگوں کو ملازمتیں اور من پسند افراد کو ترقیاں دیں کے علاوہ یو ایف جی کی شرح میں اضافہ کیا۔

گیس کمپنیوں سے رشوت لے کر نان آپریشنل انکم کوآپریشنل انکم میں تبدیل کرکے گیس صارفین کو 23 ارب کا نقصان پہنچایا۔ پشاور کی ٹیکسٹائل ملز کو 9 کروڑ گیس چوری میں فائدہ دیا۔ پیٹرولیم کمپنیوں کو پیٹرول سٹاک رکھنے میں ناکام ہونا بھی ان کی فراغت کا اہم سبب ہے وزارت قانون کی اجازت کے بغیر وکلاء کو سات کروڑ روپے فیس ادا کرنا بھی الزامات میں شامل تھے۔

وفاقی حکومت نے پٹرول کے بحران کے ذمہ دار سابق چیئرمین ا وگرا سعید احمد خان کیخلاف ریفرنس دائر کردیا ہے یہ ریفرنس کابینہ ڈویژن کی طرف سے دائر کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر کابینہ ڈویژن کی طرف سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ریفرنس فیڈرل پبلک سروس کمیشن میں دائر کیا گیا ہے جس میں کمیشن سے کہا گیا ہے کہ وہ پٹرول بحران پر تحقیقات کریں اس حوالے سے سابق چیئرمین اوگرا سعید احمد خان کیخلاف الزامات سے متعلق اہم دستاویزات اور دیگر شواہد بھی فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو دیئے گئے ہیں ۔

حکومتی ذرائع کے مطابق سعید احمد خان کیخلاف تحقیقات میں الزامات ثابت ہونے پر انہیں نوکری سے فارغ کردیا جائے گا ۔سپریم کورٹ نے اوگراکے معطل کئے گئے چیئرمین سعیداحمدخان کی مبینہ کرپشن اوربدعنوانیوں کے خلاف دائرمقدمہ کی سماعت آج جمعرات کوشروع کرنے کافیصلہ کیاہے ،اوگراکرپشن سکینڈل پرنیب کی پیش رفت بارے مقدمہ میں نئی درخواست بھی سنے گی جوموجودہ چیئرمین اوگراسعیدخان کے خلاف دائرکی گئی ہے ،حکومت نے کرپشن اقرباء پروری پرسعیداحمدخان کوزبردستی رخصت پربھیج کران کے خلافبھی تحقیقات کاحکم دیدیا،سپریم کورٹ بنچ کی صدارت خودچیف جسٹس ناصرالملک کریں گے ،سپریم کورٹ نے پہلے ہی اسدعمرکی پٹیشن پرسعیداحمدخان کے خلاف تحقیقات کاحکم دے رکھاہے۔