صدر اوبامہ کی چینی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو ، دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے کیلئے عزم کا اعادہ

جمعرات 12 فروری 2015 08:59

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12فروری۔2015ء)صدر باراک اوبامہ نے اپنے چینی ہم منصب ژی جن پنگ کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی اور سرمایہ کاری معاہدے پر پہنچنے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ،جس کے نتیجے میں دو طرفہ تجارتی تعلقات کا از سر نو تعین کیا جاسکتا ہے۔حکام نے ٹیلی فونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اوبامہ نے اپنے عزم کو دوہرایا کہ وہ ایک اعلیٰ سطحی اور جامع دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے کیلئے سرگرم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ صدر نے چین کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ کھپت کی بنیاد پر پیداوار اور مارکیٹ میں پختہ ایکسچینج ریٹ کی طرف پیش رفت جاری رکھے۔معاہدے پر ابھی تک پیشرفت ہورہی ہے تاہم اس سے دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان تجارت نمایاں طور پر سہل ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ژی ان ایشیائی رہنماؤں میں شامل ہیں جو رواں سال کے آخر میں وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے۔

چینی رہنما سرکاری دورے پر آئیں گے جو ایک علامتی اقدام ہے،جس میں ان کیلئے ریڈ کارپیٹ بچھائی جائے گی،چینی سرکاری نیوز ایجنسی زینہوا کے مطابق یہ دورہ ستمبر میں ہوگا۔ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے کیلئے دو طرفہ معاہدے کے تناظر میں اوبامہ دسمبر میں پیرس میں ہونے والے بڑے ماحولیاتی تبدیلی بارے اجلاس کے موقع پر ایک کثیرالملکی معاہدے پر پہنچنا چاہتے ہیں تاہم تعلقات مسائل کے بغیر نہیں ہیں۔اوبامہ نے سائبر معاملے پر اختلافات کو دور کرنے کیلئے کام کرنے پر بھی زور دیا۔چین پر سرکاری اور کارپوریٹ اہداف سمیت سلسلہ وار ہیکنگ سکینڈلز میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔