مصباح الحق کی ذمہ دارانہ بیٹنگ ، پاکستان دوسرے وارم ا پ میچ میں بھی فتح یاب ،پاکستان نے انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی،مصباح الحق نے 91 اور عمر اکمل نے 65 رنز کی اننگز کھیلی، حارث سہیل 33، یونس خان 19 جبکہ صہیب مقصود 20 رنز بنا کر نمایاں رہے، پاکستان کا اوپننگ سٹینڈ پھر ناکام ، مڈل آرڈر نے کپتان سے مل کر فتح حاصل کرلی ، حفیظ کی جگہ شامل ہونے والے ناصر جمشید پہلے ہی اوورز میں پویلین لوٹ گئے ،251رنز کا ہدف پاکستان نے 48.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن، سٹورٹ براڈ ،جورڈن اور ٹریڈویل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ، جے روٹ 85 جبکہ جی ایس بلانسے 57 رنز کے ساتھ نمایاں رہے یاسر شاہ 3، سہیل خان 2 جبکہ احسان عادل، وہاب ریاض اور شاہد آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا

جمعرات 12 فروری 2015 08:36

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12فروری۔2015ء)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ آسٹریلیا کے سڈنی کرکٹ گراوٴنڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو معین علی کو دوسرے ہی اوور میں احسان عادل نے آوٴٹ کردیا جب کہ الیکس ہیلز کو شاہد آفریدی نے 69 کے مجموعی اسکور پر آوٴٹ کیا۔

یاسر شاہ نے 29 ویں اوور میں گیرے بیلنس اور ای این مورگن کو آوٴٹ کیا جب کہ 157 کے مجموعی اسکور پر روی بپارا بھی یاسر شاہ کا تیسرا شکار بنے۔ جوز بٹلر اور جوئے روٹ کو سہیل خان نے پویلین بھیجا جب کہ ایک وکٹ وہاب ریاض کے حصے میں آئی۔ انگلینڈ کی جانب سے جوئے روٹ نے 85 اور گیرے بیلنس نے 57 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ایلکس ہیلز اور کرس جورڈن نے ٹیم کے مجموعی اسکور میں 31، 31 رنز کا اضافہ کیا۔

(جاری ہے)

انگلینڈ نے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز اسکور کئے۔251 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا صرف 10 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے تھے، ناصر جمشید نے ایک جبکہ احمد شہزار نے 2 رن بنائے۔ اس موقع پر یونس خان اور حارث سہیل نے پاکستان کی اننگز کو آگے بڑھانے کا عزم کیا لیکن 43 کے اسکور پر یونس خان آوٴٹ ہوگئے، انہوں نے 19 رنز بنائے، حارث سہیل اور کپتان مصباح الحق نے ابھی اسکور کو 78 رنز پر پہنچایا تھا کہ پاکستان کو حارث سہیل کی شکل میں چوتھا نقصان اٹھانا پڑا۔

اس موقع پر عمر اکمل نے مصباح الحق کے ساتھ مل کر ناصرف پاکستان کی اننگز کو مستحکم کیا بلکہ اسے جیت کے سفر پر بھی گامزن کردیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں مجموعی اسکور کو 211 تک پہنچادیا، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی اسکور کی، قومی ٹیم کو منزل کی راہ دکھاکر عمر اکمل آوٴٹ ہوگئے، جس کے بعد صہیب مقصود میدان میں آئے جنہوں نے گراوٴنڈ کے چاروں طرف شارٹس کھیل کر مصباح پر آنے والے دباوٴ کو کم کیا، صہیب مقصود 12 گیندوں پر 20رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ جس کے بعد شاہد آفریدی نے 2 چوکے لگاکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔