ماضی میں جن کمپنیوں نے کرپشن کی تھی کیا اب وہ نیک پاک ہوگئی ہیں؟، رینٹل پاور پراجیکٹ میں اربوں روپے کی کرپشن کرنے والی کمپنیوں کو کوئی ٹھیکہ نہ دیا جائے،پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی حکومت کو ہدایت، پی اسے سی اجلاس میں وزارت پانی و بجلی کے مالی سال 2010-11ء کے مالی حسابات کے بارے آڈٹ پیراؤں پر آڈٹ حکام کے اٹھائے گئے اعتراضات کا جائزہ لیا گیا ،عدالت عظمیٰ کے حکم پر 12 منصوبوں پر ایکشن لیا گیا ہے، ریفرنس عدالت میں دائر ہوئے تھے جن میں 80ارب کا نقصان پہنچانے کے الزامات تھے بعض کمپنیوں نے لوٹی ہوئی دولت واپس کردی ہے ترکی امریکہ وغیرہ کی کمپنیوں نے لوٹی ہوئی دولت واپس کرنے سے انکار کردیا ہے،سیکرٹری پانی و بجلی،

جمعہ 13 فروری 2015 09:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13فروری۔2015ء) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ رینٹل پاور پراجیکٹ میں اربوں روپے کی کرپشن کرنے والی کمپنیوں کو کوئی ٹھیکہ نہ دیا جائے ماضی میں جن کمپنیوں نے کرپشن کی تھی کیا اب وہ نیک پاک ہوگئی ہیں ، پی اے سی نے یہ ہدایت سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگہ کہ اس انکشاف پر کیا کہ ای سی سی نے فیصلہ کیا ہے کہ جن کمپنیوں کو نیب اور عدالت نے کلیر کیا ہے انہیں مستقبل میں منصوبے کے ٹھیکہ دیئے جاسکتے ہیں پی اے سی کا اجلاس جمعرات کے روز قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی صدارت میں ہوا جس میں شیخ رشید احمد ، کشور نعیمہ ، نوید قمر ، عاشق گوپانگ ، جنید چوہدری اور ایم این اے عبدالمنان اور شیخ روحیل اصغر ، عبدارا پیچوہو نے شرکت کی ۔

اجلاس میں وزارت پانی و بجلی کے مالی سال 2010-11ء کے مالی حسابات کے بارے میں آڈٹ پیراؤں پر آڈٹ حکام کے اٹھائے گئے اعتراضات کا جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری پانی و بجلی نے آر پی پی کے حوالے سے 12پیروں پر اٹھائے گئے اعتراضات پر کہا کہ عدالت عظمیٰ کے حکم پر 12 منصوبوں پر ایکشن لیا گیا ہے اور ریفرنس عدالت میں دائر ہوئے تھے جن میں 80ارب کا نقصان پہنچانے کے الزامات تھے بعض کمپنیوں نے لوٹی ہوئی دولت واپس کردی ہے ترکی امریکہ وغیرہ کی کمپنیوں نے لوٹی ہوئی دولت واپس کرنے سے انکار کردیا ہے سیکرٹری نے بتایا کہ پیپلز پارٹی حکومت نے ان کمپنیوں کو پیرا رولز کی خلاف ورزی کرکے ٹھیکہ دیا تھا نیب نے بتایا کہ سات کمپنیوں سے رقم اور مارک اپ سمیت واپس لے لیا گیا ہے ۔

ریفرنس حتمی مراحل میں ہے کار کے 1.2 ارب روپے واپس کرنے سے انکاری ہے پی اے سی نے معاملہ عدالت میں ہونے پر تاحال حکم مزید دینے سے گریز کیا پی اے سی کو بتایا گیا کہ منگلا ڈیم میں کیشیئر نے 43لاکھ چوری کئے تھے جن پر مقدمہ چل رہا ہے اور ملزم جیل میں ہے کراچی پورٹ سے جامشورو منصوبہ کے لیے درآمد کی گئی مشینری دو کروڑ کی چوری ہوگئی تھی جس کی ریکوری آخری مراحل میں ہے پی اے سی پی اے سی نے اس ریکوری میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے پی اے سی نے پیپلز پارٹی دور میں ناجائز بھرتیوں سے مبینہ طور پر 43 کروڑ کے نقصان کے بارے میں مقدمہ عدالت میں ہونے پر مزید غور تاحکم ثانی موخر کردیا ۔

پی اے سی کو سیکرٹری پانی و بجلی نے بتایا کہ بجلی کی پیداوار میں تھرمل ایفیشنسی کے باعث خزانہ کو3ارب 32کروڑ کا نقصان پہنچایا گیا اور اس کو کم کرنے کے لیے اقدامات کئے گئے ہیں پی اے سی نے زیادہ اعتراضات کو اگلے حکم تک موخر کردیا اور سیکرٹری پانی و بجلی کو حکم دیا کہ بجلی چوری رکنے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور چوروں کیخلاف سخت اقدامات کئے جائیں ۔