شا می صدر بشار الاسد کا حامی سعودی ملازم نوکری سے فارغ

ہفتہ 14 فروری 2015 09:33

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14فروری۔2015ء ) سعودی عرب کے محکمہ صحت سے وابستہ ایک سرکاری افسر کو شام کے صدر بشارالاسد کی حمایت کی پاداش میں ملازمت سے ہٹا دیا گیا ہے۔سعودی اخبار ”الوطن“ کے ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کے افسر کے خلاف کارروائی اس وقت کی گئی جب اس نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ 'ٹیوٹر' پر شام کے صدر بشارالاسد کی حمایت میں ایک ٹویٹ کی۔

بعد ازاں اس نے اسے حذف بھی کیا مگر تب تک حکام کو اس کے اس اقدام کا علم ہو چکا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق متنازعہ ٹویٹ کرنے پر محمکہ صحت کے ڈاکٹر کو مکہ مکرمہ سیکرٹریٹ میں طلب کرکے اسے باز پرس بھی کی گئی جس کے بعد اسے ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ برطرف سعودی ڈاکٹر نے شام میں صدر بشار الاسد کی وفادار فوج کے ہاتھوں عام شہریوں پر بمباری اور ان کے وحشیانہ قتل عام کی حمایت کرتے ہوئے صدر اسد کی بھی کھل کرحمایت کی تھی۔

سعودی ڈاکٹر کی متنازع ٹویٹ سامنے آنے کے بعد وزیر صحت احمد الخطیب نے مکہ مکرمہ کے ڈائریکٹر ہیلتھ عبداللہ المعلم کو فون کیا اور واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا۔ اس کے بعد محکمہ صحت کے اسد نواز ڈاکٹر کو عرفات کے ایک اسپتال میں خدمات انجام دینے سے روک دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :