سیکیورٹی خدشات ،سانحہ بلدیہ ٹاوٴن کی پیروی کرنے والی اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر شازیہ ہنجرا مقدمے سے علیحدہ ہوگئیں

منگل 17 فروری 2015 08:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17فروری۔2015ء)سانحہ بلدیہ ٹاوٴن کی پیروی کرنے والی اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر شازیہ ہنجرا مقدمے سے علیحدہ ہوگئیں،ذرائع کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرشازیہ ہنجرا نے استعفیٰ سندھ حکومت کو بھجوادیا ہے تاہم اب تک ان کے استعفیٰ کی منظوری کی کسی نے تصدیق نہیں کی ہے ۔سندھ حکومت نے شازیہ ہنجرا کو کیس میں اسپیشل پبلک پراسیکیوٹرتعینات کیا تھا۔

استعفیٰ دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ ہنجرا کا کہنا تھا کہ بلدیہ فیکٹری کیس ملکی نہیں بلکہ بین الااقوامی شہرت کا مقدمہ ہے،پولیس کی جانب سے کیس جان بوجھ کر خراب کیا گیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسرکا تعاون حاصل نہیں رہا،مقدمہ مزید نہیں چلاسکتی،تفتیشی افسر کے رویے کی عدالت سے بھی شکایت کی توعدالت نے کہا یہ جھگڑا آپ باہر نمٹائیں،انہوں نے کہا کہ مجھے ڈھائی سال بعد پتا چلا گواہوں کی تعداد 950 ہوگئی ہے،مجھے گواہوں کے بیانات کی نقول بھی نہیں دی گئی ہیں کسی بھی کیس کے لیے تفتیشی افسراورپراسیکیوٹرمیں ہم آہنگی لازمی ہے جو یہاں نظر نہیں آرہی ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ ایک ایسے وقت میں حکومت کو پیش کیا جب وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کراچی میں سانحہ بلدیہ ٹاؤن اور امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔