پشاور،پرویز خٹک سے ملاقات کے بعد انصاف یوتھ ونگ نے احتجاجی دھرنے کی کال واپس لے لی، دھرنا منسوخ، احتجاج کی بجائے جشن یوتھ منانے کااعلان

منگل 17 فروری 2015 08:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17فروری۔2015ء)انصاف یوتھ ونگ نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات اور یقین دہانی کے بعد 18 فروری کو صوبائی اسمبلی کے سامنے اپنے احتجاجی دھرنے کی کال واپس لے لی اور دھرنا منسوخ کرتے ہوئے احتجاج کی بجائے جشن یوتھ منانے کااعلان کیا ہے یو تھ ونگ کے80 رکنی وفدنے وزیراعلیٰ سے پیر کی شام وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاقات کی جسکی قیادت ونگ کے صوبائی صدر سجاد فیاض خان، ضلعی صدر سجاد بنگش اور ضلعی سینئر نائب صدر محسن اکا خیل کررہے تھے وفد نے انہیں اپنی بعض شکایات سے آگاہ کیا جس پر وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ انکا مناسب ازالہ کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے کارکنوں بالخصوص یوتھ پر فخر ہے جنہوں نے ہر مرحلے پر ہمارا سر فخر سے بلند کیا ہمارے کارکن ماضی کی حکومتوں کی طرح ملازمتوں اور مراعات کی بندر بانٹ کی بجائے میرٹ اور قانون کی بالادستی یقین رکھتے ہیں اور حکومت و قیادت کو ہمیشہ تبدیلی کا ایجنڈا تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے پر مجبور کرتے رہے ہیں پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارے نوجوان تبدیلی کا مطلب بخوبی جانتے ہیں انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت ہر سطح پر میرٹ اور شفافیت کو فروغ دے رہی ہے جبکہ کرپشن کی ہر جگہ بیخ کنی کی جارہی ہے تمام محکموں کی کارکردگی ماہانہ بنیادوں پر جانچی جارہی ہے اورناقص کارکردگی والے محکموں کے حکام اور وزراء سے باقاعدہ پوچھ گچھ ہوتی ہے خود ہمارے پارٹی سربراہ عمران خان تمام محکموں اور مجھ سمیت پوری کابینہ کی کارکردگی اور اہداف کے حصول پر پیشرفت کی جانچ پرکھ کرتے ہیں ہمارا روزانہ کی بنیاد پر مواخذہ ہوتا ہے اور ایسا کسی بھی دوسری جماعت میں نہیں ہوتا جس پر ہم سب کو فخر ہونا چاہیئے انہوں نے یوتھ ونگ پر زور دیا کہ وہ ضلعی سطح پر کمپلینٹ سیل بنائے اور محکموں کی کارکردگی پر نظر رکھے اسی طرح کسی بھی بدعنوانی یا کرپشن کی شکایت ثبوت کے ساتھ فوری ہمارے نوٹس میں لائی جائے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ناقص کارکردگی پر تبادلے کی بجائے سزا وجزا کی پالیسی پریقین رکھتی ہے کیونکہ تبادلے مسائل کا حل نہیں ہوتے وزیراعلیٰ نے یوتھ ونگ کے کارکنوں سے سوال کیا کہ کیا وہ اپنے اردگرداور گلی محلے میں محکموں کی کارکردگی سے متعلق تبدیلی محسوس کر تے ہیں تو انہوں نے اثبات میں جواب دیا جس پر وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ یہ تبدیلی فی الحال نقطہ آغاز ہے اور ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے جس کیلئے یوتھ ونگ سمیت تمام کارکنوں کو ہمارا دست و بازوبننا ہوگاانہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لیں جس کیلئے صوبائی حکومت سازگار ماحول قائم کر رہی ہے یوتھ ونگ کے وفد نے یک زبان ہو کر وزیراعلیٰ کی تائید کی اور 18 فروری کو دھرنے کی کال واپس لیتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ صوبائی حکومت کی تبدیلی کے مشن اور ترقیاتی پالیسیوں پر عمل درآمد اور اہداف کے حصول کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔