ایف آئی اے کا انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے ایجنٹوں کے خلاف موثر کارروائی کرنے کا فیصلہ، کارروائی کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر عرصہ دراز سے تعینات شفقٹ انچارج سمیت 10 افسران اور ملازمین کو تبدیل کر دیا گیا

بدھ 18 فروری 2015 09:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18فروری۔2015ء)اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے انسانی سمگلنگ روکنے اور غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک بھجوانے والے ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کے لئے ایف آئی اے کی طرف سے موثر کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘ کارروائی کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے ائیرپورٹ پر عرصہ دراز سے تعینات شفقٹ انچارج سمیت 10 افسران اور ملازمین کو تبدیل کر دیا گیا جبکہ ایماندار اور ایمیگریشن قوانین کے ماہر نئے ملازمین کی تعیناتی کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر تعینات فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے 10 اہلکاروں کے مختلف غیر قانونی گروپس سے رابطوں کے باعث انہیں فوری طور پر ائیرپورٹ سے تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ ایف آئی اے کے دیانتدار اور نوجوان اہلکاران اور افسران تعینات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر عرصہ دراز سے تعینات ملازمین کے مختلف ایجنٹوں سے رابطوں کے حوالے سے شکایات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ائیرپورٹ پر ایک شفٹ انچارج سمیت دیگر اہلکاروں کو فوری طور پر تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ ایماندار اور چاق و چوبند اہلکاران جو کہ ایمگریشن کے امور کے متعلق غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل ہیں انہیں تعینات کیا گیا ہے تاکہ ائیرپورٹ کے ذریعے بیرون ملک غیر قانونی طریقوں سے جانے والے افراد کے خلاف موثر کارروائی کی جا سکے۔

ذرائع سے مزید معلوم ہوا ہے کہ ائیرپورٹ پر تعینات ایف آئی اے کے افسران اور اہلکاران کی خصوصی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ یہاں پر عرصہ سے تعینات ملازمین کو ہٹایا گیا ہے اور اب امید کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے والوں کے خلاف کی جانے والی کارروائی موثر ثابت ہو گی۔

متعلقہ عنوان :