کراچی میں زہریلا برگر کھانے سے معصوم طالبہ کی ہلاکت کی کیمیکل رپورٹ پولیس کو موصول ، نجی ریسٹورنٹ کے مالک و ملازمین کے خلاف مقدمہ درج

جمعرات 19 فروری 2015 09:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19فروری۔2015ء)کراچی میں زہریلا برگر کھانے سے معصوم طالبہ کی ہلاکت کی کیمیکل رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی ہے ۔کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں زہریلا برگر کھانے سے جاں بحق ہونے والی معصوم طالبہ کے والدکی مدعیت میں عدالت کے حکم پر ایف آئی آر نجی ریسٹورنٹ کے مالک و ملازمین کے خلاف درج کرلی گئی تھی اور برگر کو کیمیکل معائنے کئلئے لیبارٹری بھیجا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

کیس کے تفتیشی افسرڈی ایس پی الطاف حسین نے بتا یاکہ کیمیکل لیبارٹری کی جانب سے رپورٹ آگئی ہے کہ بر گر مضر صحت ہے جس کے بعد عدالت اور ورثا کی مرضی سے معصوم طالبہ کنزا کی قبر کشائی کی جائے گی۔ ڈی ایس پی الطاف حسین کا کہناتھا کہ محکمہ صحت سے بھی گزارش کرینگے کہ وہ اپنی ایک ٹیم بھیجیں جو کہ مذکورہ ریسٹورنٹ میں حفظان صحت کے اصولوں کا جائزہ لیں کہ اس ریسٹورنٹ میں تیار ہونے والی اشیاحفظان صحت کے اصولوں پر پورااترتی ہیں یانہیں جب کہ ابھی تک ان ریسٹورنٹ کے مالک اور ملازمیں کوبھی گرفتار نہیں کیا گیاہے ۔

متعلقہ عنوان :