پیرس،بدسلوکی کرنے والے فٹبال مداحوں کو سزا دینے کا مطالبہ

جمعہ 20 فروری 2015 09:12

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 20فروری۔2015ء)پیرس میں چیلسی فٹ بال کلب کے ایک سیاہ فام مداح نے انھیں ٹرین میں سوار ہونے سے روکنے اور ان کے خلاف نسل پرست نعرے لگانے والے گروہ کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ٹرین میں سوار ہونے سے روکنے والے 33 سالہ سیاہ فام شخص سلیمان نے فرانسیسی اخبار کو انٹرویو میں بتایا کہ انھیں ٹرین میں سوار ہونے سے روکنے والے انگلش مداحوں کو گرفتار کیا جائے۔

پیرس میں پیدا ہونے والے تین بچوں کے والد سلیمان نے بتایا کہ وہ مداحوں کی بات سمجھنے سے قاصر رہے تاہم وہ یہ بات جانتے ہیں کہ ان کے ساتھ یہ سلوک ان کے رنگ کی وجہ سے کیا گیا۔سیاہ فام شخص نے مزید بتایا کہ انھیں بات کا اندازہ نہیں تھا کہ کوئی اس واقعے کی فلم بنا رہا تھا تاہم انھوں نے کسی کو بھی اس بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا۔

(جاری ہے)

سلیمان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچوں کو اس بارے میں کیا بتاتے کہ ان کے والد کو ٹرین میں سوار ہونے سے اس لیے روک دیا گیا کیونکہ وہ سیاہ فام ہیں؟۔

چیلسی فٹ بال کلب کے مداح نے کہا کہ اس واقعے کے عام ہونے کے بعد ان میں اعتماد آ گیا ہے کہ وہ پولیس سے شکایت درج کروا سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ انگلش مداحوں کو تلاش کر کے سزا دینے کی ضرورت ہے اور انھیں گرفتار کیا جانا چاہیے۔انسانی حقوق سے متعلق کونسل آف یورپ کمشنر نیلس میوزنیک نے اس واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس کو نسل پرستی روکنے کے لیے ’فوری‘ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

لندن کی میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ وہ پیرس کے میٹرو سٹیشن پر پیش آنے والے واقعہ کا ’بہت سنجیدگی‘ سے جائزہ لے رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فرانس میں عدم برداشت، نسل پرستی اور نفرت پر مبنی تقریر کو روکنے کے لیے کی جانے والی قانون سازی کے باوجود فرانس میں ایسے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ادھر لندن کی میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ وہ پیرس کے میٹرو سٹیشن پر پیش آنے والے واقعہ کا ’بہت سنجیدگی‘ سے جائزہ لے رہی ہے۔

لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اس واقعے میں ملوث افراد کو شناخت کرنے میں فرانسیسی حکام کی مدد کرے گی۔دوسری جانب چیلسی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے پر پولیس کی مدد کرے گا۔ترجمان کے مطابق مداحوں کے اس فعل کے لیے ’فٹ بال اور معاشرے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔‘خیال رہے کہ منگل کو فرانس میں ایک ایسی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں ایک گروہ چیلسی فٹ بال کلب کے مداح ایک سیاہ فام شخص کو ٹرین میں سوار ہونے سے روک رہا تھا۔

موبائل فون پر بنائی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا تھا کہ ایک سیاہ فام شخص مسلسل پر ہجوم میٹرو ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش کرتا ہے لیکن اسے بار بار باہر دھکیل دیا جاتا تھا۔لوگوں کے ایک گروہ کو یہ گاتے ہوئے سنا جا سکتا تھا ’ہم نسل پرست ہیں، ہم نسل پرست ہیں اور ہمیں یہی طریقہ پسند ہے۔‘یہ ویڈیو فوٹیج برطانوی اخبارگارڈین کو حاصل ہوئی جس کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ منگل کو شہر میں ہونے والے چیمپیئنز لیگ کے میچ سے قبل پیش آیا۔

متعلقہ عنوان :