مظفرگڑھ میں کرنٹ لگنے سے آٹھ مزدور جاں بحق‘ ایک تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل، مزدور ٹیوب ویل کی بورنگ کا کام کررہے تھے کہ بورنگ کا پائپ ہائی ٹرانسمیشن کی تار سے ٹکراگیا

جمعہ 20 فروری 2015 08:32

مظفرگڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 20فروری۔2015ء) مظفرگڑھ میں کرنٹ لگنے سے آٹھ مزدور جاں بحق‘ ایک مزدور تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل‘ گیارہ مزدور ٹیوب ویل کی بورنگ کا کام کررہے تھے کہ بورنگ کا پائپ ہائی ٹرانسمیشن کی تار سے ٹکراگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز مظفرگڑھ کے علاقے روہیلانوالی کی بستی ماڑھا میں کرنٹ لگنے سے بورنگ کا کام کرنے والے آٹھ مزدور جاں بحق جبکہ ایک مزدور شدید زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

بستی ماڑھا میں مقامی آبادی اپنی مدد آپ کے تحت ٹیوب ویل کی بورنگ کروارہی تھی کہ زمین میں ڈالا جانے والا پائپ ہائی ٹرانسمیشن لائن سے ٹکراگیا جس سے گیارہ میں سے آٹھ مزدور موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی آبادی کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور اپنی مدد آپ کے تحت زخمی اور جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی لاشیں رورل ہیلتھ سنٹر منتقل کیں۔ مقامی افراد کے مطابق پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کو بروقت آگاہ کیا جو کئی گھنٹے گزرنے کے بعد موقع پر نہ پہنچ سکے جس پر مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق آٹھ افراد کی لاشیں اور ایک زخمی کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمی شخص کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔