”وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی ملاقات“،پنجاب کے پانچ ہزار سے زائد سکول سولر پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے:شہبازشریف،قائداعظم سولر پارک میں100 میگاواٹ کے سولر منصوبے سے بہت جلد بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی،حکومت روایتی ذرائع کے ساتھ قابل تجدید ذرائع سے توانائی کے حصول پر بھی توجہ دے رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 22 فروری 2015 09:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22فروری۔2015ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی ، صنعتی و معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے توانائی بحران کا جلد حل ضروری ہے۔حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے درست سمت میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور روایتی ذرائع کے ساتھ قابل تجدید ذرائع سے توانائی کے حصول پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے 100 میگاواٹ کا سولر منصوبہ لگایا ہے جو تکمیل کے قریب ہے اور بہت جلد اس منصوبے سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ قائداعظم سولر پارک میں 900میگاواٹ کے سولر منصوبے کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہو رہی ہے جبکہ پنجاب کے دور دراز علاقوں کے پانچ ہزار سے زائد سکولوں کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت سولر پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شمالی و جنوبی پنجاب میں ونڈ پاور کوریڈورز کی دریافت عوام کیلئے ایک خوشخبری ہے۔ پنجاب کے ونڈ کوریڈورز میں ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ڈنمارک کی معروف بین الاقوامی کمپنی کے تعاون سے ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام ہوگا اور اس ضمن میں قائداعظم ونڈ پاور پارک قائم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایل این جی سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت نے ایل این جی پاور پارک کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں توانائی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے تیزر فتاری سے کام کررہی ہے ۔عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانا ہمارا مشن ہے اوراس مقصد کے لئے دن رات ایک کررکھا ہے ۔توانائی کی ملکی اورغیرملکی کمپنیوں سے بجلی کے منصوبوں کے حوالے سے طے پانے والے معاہدوں پر تیز رفتاری سے عملدر آمدکیا جارہاہے۔