چیئرمین سینٹ کیلئے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے مابین تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ،دونوں جماعتوں کی مرکزی قیادت کے مابین مذاکرات کے تین ادوار میں مختلف ناموں پر غور ، ن لیگ کی جانب سے کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا

منگل 24 فروری 2015 09:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 24فروری۔2015ء) چیئرمین سینٹ بنانے کیلئے حکومتی جماعت مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے مابین تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے ۔ اس حوالے سے دونوں جماعتوں کی مرکزی قیادت کے مابین ہونے والے مذاکرات کے تین ادوار میں مختلف ناموں پر غور کیا گیا تاہم مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پیپلز پارٹی کو کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا ۔

حکومتی ذرائع کے مطابق سینٹ میں چیئرمین کا عہدہ حاصل کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) سے بات کی گئی تھی اس مشاورتی عمل میں خورشیدشاہ ، قمرزمان کائرہ اور رضا ربانی شامل تھے جس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے دو نام پیش کئے گئے جس پر حکومتی جماعت نے پارٹی میں مشاورت کرکے جواب دینے کا بتایا لیکن وزیراعظم کی مصروفیات کے باعث حکومت یہ فیصلہ نہیں کرسکی کہ چیئرمین سینٹ کے لئے پیپلز پارٹی کے رکن کا انتخاب کیا جائے یا کہ مسلم لیگ (ن) اپنے امیدوار کو سامنے لائے ۔

(جاری ہے)

ذرائع سے مزید معلوم ہوا ہے کہ چیئرمین سینٹ کے عہدے کیلئے مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی کو سندھ اور خیبر پختونخواہ میں الیکشن میں سپورٹ کرنے کا کہہ رہی ہے جس پر پیپلز پارٹی کے پی کے میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حمایت کیلئے تیار ہے تاہم سندھ میں پیپلز پارٹی اپنے امیدوار کو کامیاب کرانے کا بھی منصوبہ بنائے ہوئے ہے یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ چیئرمین سینٹ کے انتخاب کے حوالے سے حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکی ۔