2020 ء تک ملک میں لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوگی ،نیپرا کا انکشاف،آئندہ سال کے الیکٹر کو1132 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہوگا،گڈانی پاور منصوبہ پر ڈیڑھ سال کام کرنے کے بعد مکمل بند کردیا گیا،رپورٹ ،لوڈشیڈنگ کے حوالے سے نیپرا کی رپورٹ من گھڑت اور گمراہ کن ہے، ترجمان وزیر اعظم ہاؤس،وزارت پانی و بجلی نے بھی نیپرا رپورٹ کو مسترد کر دیا ،وزیر اعظم نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا جو ہدف دیا ہے پورا کریں گے، وزارت پانی و بجلی

منگل 24 فروری 2015 09:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 24فروری۔2015ء)نیپرا نے انکشاف کیا ہے کہ 2020 ء تک ملک میں لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہو سکتی اور ملک میں بجلی کی مانگ میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سٹیٹ آف انڈسٹری 2014 ء کی رپورٹ میں نیپر ا حکام نے کہا ہے کہ آئندہ سال کے الیکٹرک کو 1132 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہوگا اور 2020 ء میں ملک میں لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہو سکتی بلکہ بجلی کی مانگ میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا ۔

رپورٹ کے مطابق 2020 ء میں بھی 1200 میگاواٹ کا شارٹ فال برقرار رہے گا ۔رپورٹ کے مطابق 2013 ء میں جن منصوبوں کا اعلان کیا گیا تھا وہ منصوبے تیزی کے ساتھ مکمل نہیں ہو رہے ،ان منصوبوں کو تیزی کے ساتھ مکمل کیا جائے ،نئے منصوبوں کے ساتھ ساتھ ملک میں بجلی کی مانگ میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گڈانی پاور منصوبہ جس پر ڈیڑھ سال تک کام کیا گیا اس منصوبے کو مکمل طو رپر بند کر دیا گیا ہے رپورٹ کے مطابق سال 14-2013میں بجلی کے صارفین کو کوئی بڑا ریلیف نہیں ملا،البتہ لوڈ شیڈنگ میں معمولی کمی ہوئی۔

اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ 2014 کیمطابق صارفین سال2013-14 میں اووربلنگ کی شکایات کرتے رہے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات اور وصولیوں میں کمی کے باعث 480 ارب روپے کے گردشی قرضوں کی ادائیگی کے باوجود صورتحال بہتر نہ ہو سکی، پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ اور بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے کوششیں کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک کے این ٹی ڈی سی سے 650 میگاواٹ تک بجلی کی فراہمی کے معاہدے میں شامل تھا کہ کے الیکٹرک دستیاب بجلی کی صلاحیت کو بروئے کار لائیگی، اس ضمن میں کے الیکٹرک کی جانب سے معاہدے پر مکمل عمل درآمد نہیں کیا گیا ۔

ادھروزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان نے کہا ہے کہ نیپر اکی لوشیڈنگ کے حوالے سے متعلق رپورٹ من گھڑت اور گمراہ کن ہے،وزیر اعظم نے وزارت پانی و بجلی کو 2017 ء تک لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا ٹارگٹ دے رکھا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان مصدق ملک نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے منسوب نیپرا کی رپورٹ من گھڑت اور گمراہ کن ہے ،وزیر اعظم نے حکام کو ہدایت دے رکھی ہے کہ 2017 ء تک ہر صورت ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے ۔

دوسری جانب وزارت پانی و بجلی نے بھی نیپرا رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 2017 ء تک لوڈشیڈنگ پر قابو پا لیں گے ،وزیر اعظم نواز شریف نے جو لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے جو ہدف دیا ہے اس ہدف کو ہرصورت پورا کریں گے ۔ واضح رہے کہ نیپرا نے رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ2020 تک لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ممکن نہیں ہے جبکہ ملک میں بجلی کی طلب میں اضافہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :