نبیل گبول نے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا،ایم کیو ایم چھوڑنے کا بھی اعلان ،آئندہ کونسی سی پارٹی جوائن کروں گا اس کے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتا،سیاست کو خیر باد کہنے کا کوئی ارادہ نہیں ،آئندہ کی حکمت عملی کے متعلق پریس کانفرنس کروں گا، ایم کیو ایم سے کوئی اختلافات نہیں،میڈیاسے گفتگو ، نبیل گبول نے ذاتی وجوہات کی بناء پر استعفیٰ دیا،ایم کیو ایم ،نبیل گبول حلقے کے عوام کو وقت نہیں دے پارہے تھے،عبدالرشید گوڈیل، نبیل گبول آئندہ چند روزمیں تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کرینگے، پی ٹی آئی قیادت سے معاملات طے پا گئے

بدھ 25 فروری 2015 09:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 25فروری۔2015ء)متحدہ قومی موومنٹ( ایم کیو ایم) کے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے استعفیٰ دیدیا اور ایم کیو ایم چھوڑنے کا اعلان کردیا ۔انکا کہنا ہے کہ آئندہ کونسی سی پارٹی جوائن کروں گا اس کے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتا۔ نبیل گبول نے منگل کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنا استعفیٰ سپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرادیا ہے ایم کیو ایم سے بھی علیحدگی اختیار کرلی ہے۔

آئندہ کا لائحہ عمل آج (بدھ کو ) پریس کانفرنس میں کروں گا میڈیا سے ملاقات اور استعفیٰ کی وجوہات پریس کانفرنس میں بتاؤں گا ۔ان کا کہنا تھا کہ کونسی پارٹی جوائن کروں گا ،ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا ، کچھ دن آرام کروں گا۔ انھوں نے کہا کہ سیاست کو خیر باد کہنے کا کوئی ارادہ نہیں ،آئندہ کی حکمت عملی کے متعلق پریس کانفرنس کروں گا۔

(جاری ہے)

نبیل گبول این اے 246 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

نبول گبول ایم کیو ایم سے قبل پیپلز پارٹی سے بھی رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا ایم کیو ایم سے کوئی اختلافات نہیں، ذاتی وجوہات کی بناء پر استعفیٰ دیا۔ الطاف بھائی نے ایم این اے بنایا، اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ ذاتی مصروفیات کے باعث دیا، سیاست کرتا رہوں گا، فی الحال انتخاب لڑنے کا ارادہ نہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کچھ معاملات پر اختلافات کے باعث نبیل گبول نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا تاہم ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے یقین دہانی کے بعد استعفیٰ واپس لے لیا تھا۔

ادھرمتحدہ قومی موومنٹ نے کہا ہے کہ نبیل گبول نے ذاتی وجوہات کی بناء پر استعفیٰ دیا، نبیل گبول حلقے کے عوام کو وقت نہیں دے پارہے تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ نبیل گبول حلقے کے عوام کو وقت نہیں دے پارہے تھے، وہ پارٹی چھوڑ کر نہیں گئے، سی ای سی کے ممبر رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ نبیل گبول کو پریس کانفرنس کرنے سے نہیں روکا، ایم کیو ایم ہر شہر میں موجود ہے، وہ آج بھی پارٹی کا حصہ ہیں، کل بھی رہیں گے۔

دوسری جانب ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق پارٹی نے خود نبیل گبول کو قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا مشورہ دیا۔جبکہ قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دینے والے متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رکن اسمبلی نبیل گبول آئندہ چند دنوں میں پاکستان تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کرینگے اس حوالے سے پی ٹی آئی کی قیادت کے ساتھ معاملات طے پا چکے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق نبیل گبول کی گزشتہ دو ماہ سے پی ٹی آئی کی قیادت کے ساتھ بات چیت جاری تھی گرین سگنل ملنے کے بعد نبیل گبول نے ایم کیو ایم سے علیحدگی کے حوالے سے اپنا استعفیٰ رابطہ کمیٹی کے سپرد ایک ماہ قبل کردیا تھا جبکہ ایم کیو ایم سے علیحدگی کے حتمی فیصلے کے بعد ان کی طرف سے ایم کیو ایم کی قیادت پر شدید تنقید بھی کی گئی جس پر ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کی ہدایت پر نبیل گبول کو منانے کی کوششیں جاری رہیں لیکن نبیل گبول پی ٹی آئی کے ساتھ معاملات طے ہونے کی وجہ سے ایم کیو ایم کی قیادت کو مسلسل نظر انداز کررہے تھے یہاں تک کہ انہوں نے ایم کیو ایم کے ایک گروپ کی طرف سے بھی انہیں قتل کئے جانے کی منصوبہ بندی سے بھی پردہ اٹھا دیا تھا ۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے کراچی سے رکن قومی اسمبلی عارف علوی اور مقامی قیادت سے مشاورت کے بعد نبیل گبول کی شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات ہوئی ہے جسے خفیہ رکھا گیا ہے پی ٹی آئی کراچی میں مستحکم سیاسی پس منظر رکھنے والی شخصیات کو پارٹی میں لانے کیلئے ان دنوں بھرپور کوششوں میں ہے اور نبیل گبول کی شکل میں پی ٹی آئی کو کراچی کے اہم ترین علاقے لیاری میں ایک موثر سیاسی شخصیت مل جائے گی جس کے بعد پی ٹی آئی کراچی میں ایم کیو ایم سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو ٹف ٹائم دے سکتی ہے ۔

ذرائع سے مزید معلوم ہوا ہے کہ نبیل گبول آئندہ چند دنوں میں پی ٹی آئی میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کردینگے اس حوالے سے جب ان سے پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم میں شمولیت کا فیصلہ تاحال نہیں کیا البتہ آئندہ چند روز میں کسی سیاسی جماعت نے باضابطہ شمولیت کا اعلان کرینگے یاد رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی سے اختلافات کی وجہ سے انہوں نے پیپلز پارٹی سے استعفیٰ دیکر ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کی تھی اب انہوں نے نہ صرف رکن قومی اسمبلی کی نشست چھوڑ دی ہے بلکہ ایم کیو ایم کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا ہے