مصر،سابق وزیراعظم اور وزیرداخلہ بدعنوانی کے مقدمے میں بری

بدھ 25 فروری 2015 08:57

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 25فروری۔2015ء)مصر کی ایک اعلیٰ عدالت نے سابق صدر حسنی مبارک کے دور کے دو سرکردہ عہدے داروں کو بدعنوانیوں کے مقدمے میں برّی کردیا ہے۔عدالتی ذرائع کے مطابق عدالت نے منگل سابق وزیراعظم احمد نضیف اور سابق وزیرداخلہ حبیب العادلی کے خلاف بدعنوانیوں کے الزام میں قائم مقدمے کی دوبارہ سماعت کے بعد انھیں برّی کرنے کا حکم دیا ہے۔

ان پر الزام تھا کہ انھوں نے سابق صدر حسنی مبارک کے دور حکومت میں ناجائز منافع کمایا تھا اور قومی خزانے کو نقصان پہنچایا تھا۔قاہرہ کی ایک ماتحت عدالت نے احمد نضیف کو سنہ 2011ء میں ایک سال معطل قید اور سابق وزیرداخلہ حبیب العادلی کو پانچ سال جیل کی سزا سنائی تھی۔ان دونوں نے اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی اور اس نے ان کے خلاف مقدمے کی دوبارہ سماعت کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

اب قاہرہ کے نواح میں واقع پولیس اکیڈمی میں قائم عدالت نے دوبارہ سماعت کے بعد انھیں بدعنوانیوں کے الزام میں برّی کردیا ہے۔واضح رہے کہ سابق مصری صدر حسنی مبارک کے دور کی سرکردہ شخصیات کو مقدمات کی دوبارہ سماعت کے بعد بری کیا جارہا ہے جبکہ اسلام پسندوں یا انسانی حقوق کی تنظیموں اور جمہوریت کے علمبردار کارکنان کو لمبی قید کی سزائیں سنائی جا رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :