وزیر اعظم نواز شریف سے خیبر پختونخواہ کے صوبائی و قومی اسمبلی اراکین کی ملاقات ،اراکین نے صوبے میں پارٹی مشکلات،فنڈنگ اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا،وزیر اعظم مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرادی،سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کو برداشت نہیں کیا جائیگا ، وزیر اعظم ،سینیٹ الیکشن ہارس ٹریڈنگ،آئینی ترمیم کیلئے وزیر اعظم کا سیاسی قائدین سے رابطہ کرنے کا فیصلہ،ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کیلئے بنائی گئی دونوں کمیٹیوں نے اپنی اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کر دی، آئینی ترمیم کے حوالے سے کام کو تیز کیا جائے ،وزیر اعظم کی کمیٹی ممبران کو ہدایت،ملک میں جمہوریت اور مضبوط اداروں کے تقدس کیلئے تمام اقدامات اٹھائیں گے ،سینیٹ الیکشن کو ہر صورت غیر جانبدارانہ بنایا جائے ،وزیر اعظم نواز شریف

جمعرات 26 فروری 2015 09:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26فروری۔2015ء)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے خیبر پختونخواہ مسلم لیگ (ن) کے قومی و صوبائی اسمبلی اراکین کی ملاقات کی،سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ اور سیاسی امور پر گفتگو کی گئی ۔اس موقع پر گورنر سردار مہتاب عباسی بھی موجود تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روزوزیر اعظم نواز شریف سے مسلم لیگ(ن) کے صوبائی و قومی اسمبلی کے اراکین نے یہاں وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی،اراکین اسمبلی نے صوبائی سطح پر پارٹی کی مشکلات ،فنڈنگ اور اپنے علاقوں میں ترقیاتی کام شروع کرنے کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ۔

وزیر اعظم نواز شریف اراکین کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے اراکین کو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے فنڈز جاری کئے جائیں گے اور پارٹی کو صوبے میں مضبوط بنانے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں ،کسی کو پیسے کے ذریعے ملکی اداروں کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔

ادھروزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے لئے خود سیاسی جماعتوں کے قائدین سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت اور مضبوط اداروں کے تقدس کیلئے تمام اقدامات اٹھائیں گے ،سینیٹ الیکشن کو ہر صورت غیر جانبدارانہ بنایا جائے ۔بدھ کے روز سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کیلئے بنائی گئی دو الگ الگ کمیٹیوں کے ممبران نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ۔

دونوں کمیٹیوں نے سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کی روک تھام کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور آئینی و قانونی پہلو کا جائزہ لیکر رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی ۔وزیر اعظم نواز شریف نے کمیٹی ممبران کو ہدایت کی کہ سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ کی روک تھام کیلئے کام کو تیز کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کو ہر صورت روکا جائے ۔

اس حوالے سے وزیر اعظم نے خود سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ٹیلی فونک رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کو غیر جانبدارانہ کرانے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھانے کیلئے تیار ہیں ،ملک میں جمہوری اداروں کے تقدس کو پامال نہیں ہونے دیں گے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم نے سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کا سخت نوٹس لیا تھا اور ان کی تھام کیلئے دو کمیٹیاں تشکیل دیں ،پہلی کمیٹی کے ممبران میں پرویز رشید،سعدرفیق اور انوشہ رحمن شامل تھیں جبکہ دوسری کمیٹی میں گورنر خیبر پختونخواہ، احسن اقبال اور بیرسٹر ظفر اللہ شامل تھے جنہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کر کے سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے اعتماد میں لیا اور آئینی وقانونی کا پہلو کا جائزہ لیکر رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کر دی