ملک کے سرمایہ کار تیاری کرلیں، 2سال بعد انہیں ملک میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ملنے والے ہیں، خرم دستگیر خان، رواں سال کے آخرتک ایل این جی کی درآمد کا آغاز ہوجائے گا، 3600 میگاواٹ بجلی ایل این جی سے پیدا ہوسکے گی،پاک بھارت تجارت میں رکاوٹ بھارت کی طرف سے آئی ہے لیکن آئندہ ماہ بھارتی سیکریٹری خارجہ کی پاکستان آمد سے دوطرفہ بات چیت میں بہتری پیدا ہوگی، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 26 فروری 2015 09:15

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26فروری۔2015ء) وفاقی وزیرتجارت انجینئرخرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ملک کے سرمایہ کار تیاری کرلیں، 2سال بعد انہیں ملک میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ملنے والے ہیں، ملک میں رواں سال کے آخرتک ایل این جی کی درآمد کا آغاز ہوجائے گااور 3600 میگاواٹ بجلی ایل این جی سے پیدا ہوسکے گی،پاک بھارت تجارت میں رکاوٹ بھارت کی طرف سے آئی ہے لیکن آئندہ ماہ بھارتی سیکریٹری خارجہ کی پاکستان آمد سے دوطرفہ بات چیت میں بہتری پیدا ہوگی۔

انہوں نے یہ بات بدھ کو فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر ٹی ڈیپ کے چیف ایگزیکٹوایس ایم منیراور ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں محمدادریس ،سابق نائب صدرایس ایم نصیر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرتجارت انجینئرخرم دستگیر خان نے کہا کہ وزیراعظم میاں نوازشریف کی ہدایت پر بزنس کمیونٹی سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ کیلئے بھی ان سے تجاویز حاصل کی جارہی ہیں،ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم انتہا پسندی،دہشت گردی،لاقانونیت، بجلی اور گیس کے بحران کے باوجود دنیا کے سامنے پاکستانی ہنرمندوں کی تیار کردہ مصنوعات کے ذریعہ اپنے ملک کی مثبت تصویر پیش کریں۔

وفاقی وزیرتجارت نے جمعرات سے کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہونے والی نویں ایکسپو پاکستان کے حوالے سے کہا کہ 2013کے مقابلے میں ایکسپو نسبتاً بڑی نمائش ہے جس میں70ممالک سے ایک ہزار سے زائد مندوبین شرکت کررہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ایکسپو پاکستان کی بدولت ملک کا پرامن تاثر ابھارنے میں مدد ملے گی، نمائش میں ایگرو اور فوڈ پراسیسنگ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ،ایکسپو پاکستان ملک کی ترقی کا آئینہ ثابت ہو گی جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں کی ثقافت کو بھی اجاگر کیا جائے گا،رواں سال عالی شان پاکستان نمائش کو یورپ کے مختلف شہروں میں لے جائیں ،اس سلسلے کی پہلی نمائش جون میں لندن میں منعقد ہو گی جس میں یورپ بھر سے متوقع خریدار شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپو پاکستان کے ذریعے پاکستان میں انتہا پسندی کے تاثر کو دور کرنے میں مدد ملے گی، ایکسپو میں آنے والے مندوبین کو پاکستان کی فیکٹریوں میں کام کا ماحول دیکھنے کا موقع ملے گا، جس سے انھیں پاکستانیوں کے ہنر اور ماحول کے بارے میں آگاہی ہو گی،پاکستان میں صنعتوں کی ورکنگ کنڈیشن کا عمومی معیار خطے کی دوسری مارکیٹوں کی نسبت خاصا بہتر ہے ۔

انھوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کی بدولت پاکستان کی یورپی یونین کو برآمدات میں2014کے پہلے گیارہ ماہ میں 2013کے پہلے گیارہ ماہ کی نسبت 1ارب 16کروڑ ڈالر کااضافہ ہوا،جس کے ثمرات پاکستان کے لیبر طبقے تک پہنچ رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہملک کے سرمایہ کار تیاری کرلیں، 2سال بعد بے شمار مواقع پیدا ہونگے،بجلی کے معاملے پر سنجیدہ پیش ورفت ہورہی ہے اور چائنا کے ساتھ10400میگاواٹ بجلی کی تیاری کے متعدد منصوبے ہیں اور 2017میں موسم بہار میں توانائی کے بحران کو بہت حد تک دور کردیا جائے گا جس کے بعدروزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔

وفاقی وزیرتجارت انجینئرخرم دستگیر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سمیت ایران،افغانستان،چین سمیت خطے کے دیگر تمام ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو وسعت دیگا جبکہ بھارت کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات بہتر ہونگے۔انھوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی ریاست ،حکومت اور عوام متحد ہیں ، ضرب عضب پاکستان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے انتہائی موثر ثابت ہو رہی ہے ،ملک میں جلد امن بحال ہو گا اور کاروباری سرگرمیوں کا احیاء ہو گا۔

متعلقہ عنوان :