شیرا کوٹ اریبہ قتل کیس میں اہم پیش رفت،مقتولہ پنجاب یو نیوسٹی کی طالبہ نہیں بلکہ گھر والوں سے ناراض ہو کر ماڈلنگ کر نے کے لیے لاہور آئی تھی

جمعرات 26 فروری 2015 08:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26فروری۔2015ء )شیرا کوٹ اریبہ قتل کیس میں اہم پیش رفت،مقتولہ پنجاب یو نیوسٹی کی طالبہ نہیں بلکہ گھر والوں سے ناراض ہو کر ماڈلنگ کر نے کے لیے لاہور آئی تھی۔ لاہور میں مقتولہ طالبہ سے متعلق مزید حقائق سامنے آگئے، اریبہ کا اصل نام عبیرہ تھا وہ گھر والوں سے ناراضی کے بعد ماڈلنگ کے شعبے میں آئی، پولیس نے ایک بینک افسر کو بھی گرفتار کرلیا۔

اعلی تعلیم اور بہتر مستقبل کا خواب عبیرہ کو سیالکوٹ سے لاہور لایا مگر زندہ دلوں کے شہر نے اس سے زندگی ہی چھین لی۔ دو سال پہلے گھروالوں سے ناراضگی پر جیب خرچ بند ہوا تو عبیرہ کو مسئلے کا حل ماڈلنگ میں نظر آیا، اسی دوران عبیرہ کی معیز نامی لڑکے سے ملاقات ہوئی جس نے ماڈلنگ چھوڑنے کی شرط پر شادی کا وعدہ کیا۔

(جاری ہے)

تاہم عبیرہ کی زندگی میں مْٹھی کی ریت کی طرح ساری خوشیاں ہاتھوں سے پھسلتی گئیں، معیز نے شادی سے انکار کیا تو وہ دوبارہ ماڈلنگ میں قسمت آزمانے لگ، پولیس تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ پراسرار طور پر غائب ہونے والے حیدر نامی ملزم سے عبیرہ کی کوئی رشتہ داری نہیں، جب کہ پولیس نے ایک بینک کے اسسٹنٹ وائس پریذیڈنٹ فاروق کو بھی قتل کے اس مقدمے میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق عبیرہ کے قتل کی واردات ماڈل ٹاون میں ہوئی تھی، ادھر پنجاب یونیورسٹی ترجمان نے واضح کیا ہے کہ مقتولہ کا یونیورسٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :