اسلام آباد،نیب کی پی اے سی کی ہدایت پر سنٹورس سے77کروڑ روپے کی وصولی ،الخان کنسٹرکشن کمپنی کی کرپشن کی رقم ریکوری نیب کے حوالے کردی گئی،پی اے سی نے سواں گارڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کا 50 کروڑ غبن کا کیس بھی نیب کو ارسال کر دیا

جمعہ 27 فروری 2015 08:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 27فروری۔2015ء)نیب نے پی اے سی کی ہدایت پر سنٹورس سے77کروڑ روپے وصول کرلئے ہیں جبکہ پی اے سی نے سابق وزیر نصیر خان کی الخان کنسٹرکشن کمپنی کی کروڑوں روپے کی کرپشن کی رقم ریکوری نیب کے حوالے کردی ہیں،پی اے سی نے سواں گارڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کی طرف سے50 کروڑ غبن کا کیس بھی نیب کو ارسال کردیا ہے،پی اے سی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس عاشق گوپانگ کی صدارت میں ہوا جس میں عذرا پلیجو اور شیخ روحیل اصغر نے شرکت کی،اجلاس میں سی ڈی اے،بک فاؤنڈیشن کے آڈٹ کی طرف سے اعتراض کئے گئے پیراؤں کا جائزہ لیا گیا۔

سواں گارڈن ہاؤسنگ سوسائٹی نے سی ڈی اے حکام سے ملکر50کروڑ روپے کی کرپشن کی ہے،لے آؤٹ پلان کی خلاف ورزی ہوئی ہے،سوسائٹی نے سی ڈی اے کے نام منتقل کی گئی زمین بھی فروخت کردی،چےئرمین سی ڈی اے نے اقرار کیا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی نے بڑی کرپشن کی ہے پر سکینڈل ایف آئی اے کے پاس ہے،محکمانہ انکوائری بھی ہوئی تاہم اہلکاروں کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے،اب دوبارہ انکوائری کی جارہی ہے،ہاؤسنگ سوسائٹی نے سکول مسجد گارڈن کیلئے مختص پلاٹ بھی فروخت کردئیے اور اس میں سی ڈی اے کے افسران بھی ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ سواں گارڈن سکینڈل کا مقدمہ عدالت میں بھیج دیا گیا ہے،چالان عدالت میں جمع کرا دیا گیا ہے۔پی اے سی نے اس سکینڈل کی تمام تفصیلات بھی ایف آئی اے سے طلب کرلی ہیں،پی اے سی نے سویلین ایمپلائر کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات کی مکمل تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں،اس سوسائٹی نے بھی24کروڑ کا گھپلا کیا تھا۔پی اے سی کو بتایا گیا کہ پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 26 کروڑ ریکوری ہوئی ہے باقی ریکوری بھی جلد کرنے کی ہدایت کی ہے اور پراپرٹی ٹیکس کی مد میں باقی 22کروڑ کی ریکوری ضروری ہے،یہ زیادہ تر ریکوری تعلیمی اداروں سے کرنی ہے،پی اے سی نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں سے پراپرٹی ٹیکس نہ وصول کرنے بارے قواعد بنائے جائیں۔

آڈٹ حکام نے ڈیفالٹ کرنے والے ٹھیکیدار سے52ملین روپے وصول نہ کرنے پر اعتراض کیا ،الخان کنسٹرکشن کمپنی بارے سی ڈی اے کو ہدایت کی گئی کہ ان سے کاسٹ اینڈ رسک کی مد میں 5کروڑ روپے وصول کئے جائیں۔کمپنی الخان کمپنی نے جی نائن،جی ٹین میں 6کلومیٹر کی سڑک تعمیر کرنا تھی،الخان کمپنی مختلف فورم پر یہ مقدمہ لے گئی لیکن یہ مقدمہ سی ڈی اے کے حق میں ہوا ہے۔

الخان کمپنی نے انشورنس کمپنی سے بھی فراڈ کیا اور ان کو دئیے گئے چیک باؤنس ہوگئے،چےئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ الخان کمپنی کو بلیک لسٹ کردیاہے۔پی اے سی نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے مستقبل میں ٹھیکے دینے کا میکنزم بہتر بنائے تاکہ کوئی فراڈ نہ کرسکے،پی اے سی نے ہدایت کی کہ الخان کمپنی سے ریکوری جلد کرائیں۔سی ڈی اے میں غیر قانونی طریقہ سے مختلف نوعیت کے کاموں کا ایوارڈ سنگل ٹینڈر دینے پر پی اے سی نے اظہار افسوس اور برہمی کیا اور مستقبل میں ایسے کام سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔

چےئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ5ملین سے زیادہ مالیت کے کام کیلئے چےئرمین کی اجازت ضروری ہے۔نیب نے پی اے سی کو بتایا کہ سنٹورس شاپنگ مال نے769 ملین روپے مختلف مد میں ادا کردئیے ہیں،ایک قسط باقی ہے وہ بھی شیڈول کے مطابق ادا کردیں گے۔پی اے سی نے77کروڑ کی وصولی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔پی اے سی نے الخان کمپنی کے خلاف مختلف نوعیت کے کرپشن مقدمات نیب کو بھیج دئیے ہیں اور نیب کو ہدایت کی ہے کہ الخان کنسٹرکشن کمپنی سے 82ملین روپے جلد ریکور کئے جائیں۔

پی اے سی نے بک فاؤنڈیشن کو ہدایت کی کہ وہ معیاری کتابیں شائع کریں اور منافع بڑھائیں،بھارت میں بک فاؤنڈیشن بہتر حکمت عملی سے پاکستان سے بازی لے گیا ہے،ایم ڈی بک فاؤنڈیشن نے کہا کہ ہم بھی محنت کر رہے ہیں لیکن کاپی رائٹس کی وجہ سے مشکل میں ہیں۔عذرا پلیجو نے کہا کہ بھارت سے معاہدہ کرکے ہم اپنے بچوں کو کتابیں فراہم کریں ،ایم ڈی بک فاؤنڈیشن نے انکشاف کیا کہ بھارت کی تمام کتابیں واہگہ بارڈر کے ذریعے سمگل ہوکر پاکستان کی مارکیٹنگ میں موجود ہیں۔

پی اے سی نے پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کی نجکاری کا معاملہ بھی زیر بحث لایا۔ اعلیٰ حکام نے کہا کہ یہ حساس معاملہ ہے اس پر مزید بحث کی ضرورت ہے تاہم حکومت نے پرنٹنگ کارپوریشن کی نجکاری کا معاملہ مؤخر کردیا ہے۔حکام نے بتایا کہ ادارہ کی ری سٹرکچرنگ کر رہے ہیں،ری سٹرکچرنگ سے نئی مشینری خریدنی پڑے گی کیونکہ پرنٹنگ کارپوریشن کی مشینری40سال پرانی ہے۔پی اے سی نے ہدایت کی کہ حکومت کے تمام ادارے پرنٹنگ کا تمام کام صرف اور صرف پرنٹنگ کارپوریشن سے کرائیں اس سے بھاری کرپشن روکنے میں مدد ملے گی اور اس مقصد کیلئے پی اے سی نے مزید تجاویز طلب کرلی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :