پاک چین اقتصادی راہداری کے پرانے روٹ کو بحال کیا جائے ایسا نہ کیا گیا تو احتجاج کرینگے ، ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی،متحدہ اپوزیشن ، فینڈریشن کو متحد رکھنے کے لیے پاک چین اقتصادی راہداری کے پرانے روٹ کو بحال رکھنا ناگزیر ہے ۔ سینٹ کے اجلاس کے بعد متحدہ اپوزیشن رہنماوں کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 28 فروری 2015 09:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28فروری۔2015ء) متحدہ اپوزیشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے پرانے روٹ کو بحال کیا جائے اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم احتجاج کرینگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی ۔ فینڈریشن کو متحد رکھنے کے لیے پاک چین اقتصادی راہداری کے پرانے روٹ کو بحال رکھنا ناگزیر ہے ۔ جمعہ کے روز سینٹ کے اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل بزنجو نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا روٹ تبدیل نہیں کیا گیا تو پسماندہ علاقوں کے عوام پسماندہ رہ جائینگے لہذا اس کا اصل روٹ بحال رکھا جائے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما افراسیاب خٹک نے کہا کہ حکومت ایک طرف دعویٰ کرتی ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا روٹ تبدیل نہیں کیا جارہا تو پھر بتائیں کہ صنعتی پارک کہاں پر بن رہا ہے حکومت حقائق چھپا رہی ہے اصل روٹ کو بحال رکھا جائے انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا اصل روٹ فاٹا ، کے پی کے اور بلوچستان سے گزرتا تھا اس کو پسماندہ علاقوں سے گزرا جائے تاکہ وہاں پر اقتصادی اور معاشی ترقی ہوسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان اور سنٹرل ایشیا کے ساتھ اس کو ملایا جائے انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبے کو تسلیم نہ کیا گیا تو احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائینگے پیپلز پارٹی کے سینیٹر خالد قیوم سومرو نے کہا کہ حکومت ایسے کا م نہ کرے جس سے وحدت اور سلامتی کو خطرہ ہو اور پہلے ہی ملک کے حالات اچھے نہیں ہیں اور ملک دہشتگردی کا شکار ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ میں تبدیل نہ کرے بلوچستان نیشنل پارٹی کی رہنما نعیمہ احسان شاہ نے کہا کہ گوادر کا شغر روٹ کی تبدیلی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ روٹ کو تبدیل کرکے اس میں پنجاب کو بھی شامل کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کو ا یسے فیصلے کرنے چاہیے جس میں تمام صوبوں میں ہم آہنگی ہو پیپلز پارٹی کے رہنما سردار علی نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوامی مفاد کے فیصلے کرے اور اپوزیشن کے تمام مطالبات کو تسلیم کرے اس موقع پر دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے ۔