خیبر پختونخوا اسمبلی میں قرار داد کے ذریعے وفاق سے سینٹ کے انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے اقدامات کرنے کی اپیل

ہفتہ 28 فروری 2015 08:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28فروری۔2015ء) خیبر پختونخوا اسمبلی نے ہارس ٹریڈنگ کے الزامات سے بچنے کے لئے اجلاس میں قرارداد کے ذریعے وفاقی حکومت سے سفارش کی ہے کہ سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے تمام ضروری اور موثر اقدامات کئے جائیں  صوبائی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مشترکہ قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ سینیٹ کے انتخابات کا انعقاد عنقریب ہے اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اس پر متفقہ ہیں کہ سینیٹ انتخابات کا موجودہ طریقہ کار ممبران اسمبلی کے لئے بدنامی کا سبب بن رہا ہے اس سے سیاسی ماحول خراب ہو رہا ہے اس لئے وفاق الیکشن کو شفاف بنانے کے لئے ضروری اقدامات کرے ۔

قرارداد سے قبل اسمبلی سیکرٹریٹ میں سپیکر کی سربراہی میں تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس کے بعد اسمبلی سے قرارداد منظور کر لی گئی ۔

(جاری ہے)

اسمبلی کی کارروائی کے دوران فنی تعلیم سے متعلق خیبر پختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی بل 2015ء کو بھی متفقہ طور پر سلیکٹ کمیٹی کی رپورٹ کے بعد منظور کیا گیا بل معاون خصوصی برائے فنی تعلیم شاہ محمد نے پیش کی ۔

بل کے مطابق فنی تعلیمی ادارے اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کو ٹیوٹا میں مدغم کیا گیا ہے اسمبلی میں خیبر پختونخوا ترمیمی قانونی بل 2015ء مشیر برائے پارلیمانی امور عارف یوسف نے پیش کیا ۔ اسمبلی کی کارروائی کے دوران سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ نے کہا کہ میں نے کبھی بھی تحریک انصاف کے حوالے سے یہ نہیں کہا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات کے دوران ہمیں مخصوص اراکین دیئے جائیں ہمیں تحریک انصاف پر اعتماد ہے تحریک انصاف سے ہمیں جو بھی ووٹ ملیں گے اس میں سے کوئی بھی سلپ نہیں ہو گا  ہمیں سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :