پشاور چرچ پر خودکش حملہ میں حملہ آوروں میں سے ایک خودکش کا تعلق مہمند ایجنسی ،دوسرے کا کراچی سے ہے،عارف یوسف

ہفتہ 28 فروری 2015 08:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28فروری۔2015ء) 2013ء میں پشاور چرچ پر خودکش حملہ کرنے والوں کی شناخت ہو گئی ہے حملہ آوروں میں سے ایک خودکش کا تعلق مہمند ایجنسی جبکہ دوسرے کا کراچی سے ہے ۔ جے یو آئی کے اقلیتی ممبر عسکر پرویز کے سوال پر مشیر برائے پارلیمانی عارف یوسف نے کہا کہ 22 ستمبر 2013ء کو پشاور چرچ میں جو خودکش دھماکے کئے گئے اس میں سے ایک خودکش حملہ آور کا نام محمد ساکن مہمند ا یجنسی اوردوسرے کا نام صدام ساکن کراچی ہے ۔

دونوں حملہ آوروں کے ساتھیوں اور رشتہ داروں کی گرفتاری کے حوالے سے مہمند ایجنسی کی پولٹیکل انتظامیہ اور کراچی پولیس سے بات چیت کی گئی ہے اور عنقریب اس حوالے سے اہم نتائج سامنے آ جائیں گے ۔ اس واقعہ کے بعد حکومت نے خیبر پختونخوا میں 16 اضلاع میں چرچز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے متعدد پولیس اہلکار تعینات کئے ہیں تاہم اپوزیشن رکن نے کہاکہ حکومت کی جانب سے چرچوں کی حفاظت کے لئے جو اقدامات کئے ہیں وہ ناکافی ہیں وقفہ سوالات کے دوران صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں گریڈ 17 کے 395 اور گریڈ 18کے بھی 395 ڈاکٹروں کی تعیناتی کے لئے اخبارات میں اشتہارات دے دیئے گئے ہیں اور مارچ کے آخری مہینے میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ان کی تعیناتی کا عمل پورا ہو جائے گا ۔

(جاری ہے)

حکومتی اور اپوزیشن کی جانب سے زرعی زمین پر ہاؤسنگ سکیمز خصوصاً ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے حوالے سے نکتہ اعتراض پر سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ نے کہا کہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کا بل صوبائی اسمبلی نے پاس کیا ہے حکومت کی کوشش ہو گی کہ جو زمین اس سے متاثر ہو گی اس کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائے ۔