خیبر پختونخواہ حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فاٹا اور چاروں صوبوں کے درمیان وفاقی حکومت سے ”ہاٹ لائن“ کے قیام کا مطالبہ کر دیا ،ہاٹ لائن کے قیام سے دہشت گردی ،اغواء برائے تاوان،منشیات اور دیگر جرائم پر جلد قابو پانے میں مدد ملے گی ،بروقت اطلاع ملنے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آسکیں گے،صوبائی حکومت کا وفاق کو مراسلہ

ہفتہ 28 فروری 2015 08:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28فروری۔2015ء)خیبر پختونخوا حکومت نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وفاقی حکومت سے فاٹا اور چاروں صوبوں کے درمیان ”ہاٹ لائن “ کے قیام کا مطالبہ کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے صوبہ خیبر پختونخواہ نے وفاقی حکومت کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں صوبائی حکومت نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ فاٹا اور چاروں صوبوں کے درمیان ”ہاٹ لائن“ قائم کی جائے ۔

مراسلے میں مزید تجویز دی گئی ہے کہ ہاٹ لائن کے قیام سے دہشت گردی ،سمگلنگ ،اغواء برائے تاوان ،منشیات کے کاروبار کی روک تھام اور دیگر جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔مراسلے کے مطابق ہاٹ لائن کے قیام سے 24 گھنٹے ذمہ دارافسران موجود رہیں گے اور صوبوں کے درمیان مسلسل رابطے میں رہیں گے ۔

(جاری ہے)

بروقت اطلاع ملنے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آ سکیں گے،مراسلے کے مطابق ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے صوبوں کا تعاون ناگزیر ہے ،چاروں صوبائی حکومتیں آپس میں مسلسل رابطے میں رہیں گی تو دہشت گردی اور دیگر جرائم پر جلد از جلد قابو پایا جا سکے گا ۔

صوبائی حکومت نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں امن و امان کا قیام ضروری ہے ،ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دہشت گردی کا جلد از جلد خاتمہ کیا جائے اور صوبوں کے درمیان ”ہاٹ لائن ‘ ‘ کے قیام کی فوری طور پر نظر ثانی کرتے ہوئے اس کے قیام کا اعلان کیا جائے

متعلقہ عنوان :