علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے نام سے جعلی ویب سائٹ عوام سے پیسہ بٹورنے میں مصروف‘ ایف آئی اے ویب سائٹ بلاک کرنے میں ناکام

ہفتہ 28 فروری 2015 09:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28فروری۔2015ء) ایف آئی اے کا سائبر کرائم ونگ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے نام سے جعلی ویب سائٹ بلاک کرنے میں ناکام‘ جعلی ویب سائٹ کے نام پر لوگوں سے پیسہ بٹورا جارہا ہے۔ انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق آل انٹرنیشنل ایجوکیشن اوپن یونیورسٹی کو دو ماہ قبل لانچ کیا گیا تھا تاہم ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)‘ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد اور ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کے نوٹس کے باوجود ویب سائٹ ابھی تک کام کررہی ہے اور ویب سائٹ لوگوں سے پیسہ بٹورنے میں مصروف ہے۔

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر شاہد صدیقی کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی نے جعلی ویب سائٹ کا سختی سے نوٹس لیا ہے جوکہ مشاورت کے نام پر لوگوں سے پیسہ بٹورتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اس نام نہاد ادارے کیخلاف ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ میں شکایت درج کرواچکی ہے کیونکہ اس سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ساکھ متاثر ہورہی ہے۔

ایچ ای سی کی ترجمان عائشہ اکرام کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ کمیشن کے نوٹس میں ہے اور اس حوالے سے اخبارات کے ذریعے والدین اور طلباء کو اطلاع کردی گئی ہے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ایس ایس پی ڈائریکٹر یاسین فاروق کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے شکایات ملی ہیں اور ہم جلداس جعلی ویب سائٹ کی انتظامیہ کیخلاف ایکشن لیں گے اور مذکورہ ویب سائٹ بند کردیں گے۔

متعلقہ عنوان :