پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان سینیٹ الیکشن کیلئے حتمی مراحل طے پا گئے،سندھ میں دونوں جماعتوں کا مشترکہ امیدوار لانے پراتفاق ،پی پی رہنما رحمن ملک اور ایم کیو ایم کے سردار احمد کے درمیان ملاقات،سینیٹ الیکشن ،سندھ حکومت میں متحدہ کی شمولیت سمیت اہم امور پر گفتگو،دونوں جماعتوں کے کورنگ امیدواروں نے کاغذات نامزد واپس لے لئے،پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان نیا دور شروع ہوگیا ، مفاہمت کا سہرا آصف زرداری اور الطاف حسین کے سر ہے،سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ کوروکنا تمام سیاسی جماعتوں کا فرض ہے ، رحمن ملک کی سردار احمد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو

اتوار 1 مارچ 2015 08:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم مارچ۔2015ء)پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان سینیٹ الیکشن کیلئے حتمی معاملات طے پا گئے ہیں ،دونوں جماعتوں نے مشترکہ امیدوار لانے پراتفاق کر لیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز سابق وزیر داخلہ رحمن ملک اور ایم کیو ایم کے رہنما سردار احمد کے درمیان ملاقات ہوئی ،ملاقات میں سینیٹ الیکشن ،سندھ حکومت میں ایم کیو ایم کی شمولیت ،صوبے میں امن وامان اور دیگر اہم معاملات پر بات چیت کی گئی ۔

ملاقات کے بعد رحمن ملک نے سردار احمد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان نیا دور شروع ہوگیا ہے،ہمیں ادھر ادھر اڑنے والے لوگوں کے پر کاٹنے ہوں گے ،لوٹوں پر نظر رکھنا ہوگی ،لوٹا کریسی روکنے کے لئے جو بھی اقدامات اٹھانا پڑے اٹھائیں گے اور اس حوالے سے آئین میں ترمیم ہونی چاہیے ،انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کو روکنا تمام جماعتوں کا فرض ہے ،انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے کے خلاف امید وار دستردار کر دیئے ہیں، ،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان مفاہمت آصف زرداری اور الطاف حسین کے سر ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما سردار احمد نے کہا ہے کہ الطاف حسین سے رابطہ ہوا ہے ،سینیٹ الیکشن میں اتحاد پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان اختلاف دور ہوگئے ہیں اور جلد دیگر معاملات کو بھی بات چیت کے ذریعے حل کیا جائیگا۔دوسری جانب سندھ میں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے کورنگ امیدواروں نے کاغذات واپس لے لئے ہیں،ایم کیو ایم کے سینیٹ الیکشن کی جنرل نشست پر خوشبخت شجاعت ،بیرسٹر سیف اور میاں عتیق امید وار ہوں گے جبکہ خواتین کی نشست پر نگہت مرزا امید وار ہوں گی۔

ایم کیو ایم کے بابر غوری ،گلفراز خٹک ،سید رضا زیدی اور خواتین کی نشست کیلئے تحسین مشکور نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے ہیں۔ادھر پیپلز پارٹی کے رحمن ملک نے ٹیکنو کریٹ اور شمع مٹھانی نے کاغذات واپس لئے ہیں