مفتی سعید نے مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھالیا، مقبوضہ کشمیر کے گورنر این این وہرہ نے مفتی سعید سے حلف لیا،پاکستان کے تعاون کے بغیر کشمیر میں انتخابات ممکن نہیں تھے،پاکستان اور مسلح کشمیری گروپ چاہتے تو انتخابی عمل میں رخنہ ڈال سکتے تھے لیکن ایسا نہیں ہوا یہ جمہوری فضا کی بحالی ہے،مقبوضہ کشمیر کے نئے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی سعید کی حلف لینے کے بعد پریس کانفرنس

پیر 2 مارچ 2015 09:18

سری نگر( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 مارچ۔2015ء) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ مفتی سعید نے مقبوضہ کشمیر کے 12ویں وزیراعلیٰ کا حلف اٹھا لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ وادی کے نئے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ کی تقریب حلف برداری سری نگر کے زور آور اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، مقبوضہ کشمیر کے گورنر این این وہرہ نے مفتی سعید سے حلف لیا، اس موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی خصوصی طور پر موجود تھے۔

مفتی سعید کے بعد ان کی 10 رکنی کابینہ نے بھی حلف لے لیا جس میں سے 5 وزرا کا تعلق بی جے پی سے ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس مقبوضہ وادی میں ہونے والے نام نہاد ریاستی انتخابات میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بی جے پی بڑی پارٹیاں بن کر ابھریں تھیں تاہم کسی بھی جماعت کے پاس تنہا حکومت بنانے کے لئے مطلوبہ نشستیں نہیں تھیں۔

(جاری ہے)

جس کے بعد دونوں جماعتوں نے اتحاد کرکے مخلوط حکومت قائم کی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے نئے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی سعید نے کہا ہے کہ پاکستان اور مسلح کشمیری گروپ چاہتے تو انتخابی عمل میں رخنہ ڈال سکتے تھے، کشمیر میں انتخابی عمل پاکستان اور کشمیریوں کی مسلح اور غیرمسلح قیادت کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھے۔اتوار کو بھارتی میڈیا کے مطابق جموں کے یونیورسٹی آڈیٹوریم میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ مفتی محمد سعید نے ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔

وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید نے حلف لینے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کشمیر میں انتخابی عمل پاکستان اور کشمیریوں کی مسلح اور غیرمسلح قیادت کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھے۔ان کا کہنا تھاکہ انتخابات میں بڑی تعداد میں لوگوں نے ووٹ ڈالے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان اور کشمیریوں کے مسلح و غیر مسلح رہنماوٴں نے اس عمل کو ہونے دیا۔ وہ چاہتے تھے تو اس میں رخنہ ڈال سکتے تھے لیکن ایسا نہیں ہوا۔

یہ جمہوری فضا کی بحالی ہے۔60 برس میں پہلی مرتبہ بھارت کی ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کو کشمیر کے اقتدار میں کلیدی کردار ملا ہے۔پارٹی کے رہنما نرمل سنگھ مفتی سعید کے نائب ہوں گے جبکہ وزارتی کونسل میں پی ڈی پی کے 14 ، بی جے پی کے نو اور ایک آزاد امیدوار بھی شامل ہوں گے۔ سابق علیحدگی پسند سجاد غنی لون کو بھی بی جے پی کی حمایت سے وزارتی کونسل میں جگہ دی گئی ہے۔حلف برداری کی تقریب میں بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سمیت دوسرے رہنما بھی موجود تھے۔